حکومت کا تحریک لبیک کے ساتھ معاہدہ طے پاگیا، ٹی ایل پی نے 16 فروری  احتجاج ملتوی کر دیا

فورتھ شیڈول میں ڈالے گئے تحریک لبیک کے افراد کے نام نکال دیئے جائیں گے

تحریک لبیک کی ڈیمانڈ کو پارلیمنٹ میں رکھیں گے،وزیراعظم

اسلام آباد(ویب  نیوز)حکومت کا تحریک لبیک کے ساتھ معاہدہ طے پاگیا، ٹی ایل پی نے 16 فروری کو اسلام آباد میں احتجاج ملتوی کر دیا۔ فورتھ شیڈول میں ڈالے گئے تحریک لبیک کے افراد کے نام نکال دیئے جائیں گے۔وزیراعظم عمران خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی ٹیم نے تحریک لبیک پاکستان کے ساتھ مذاکرات کیے ہیں، جس کے بعد حکومت کا تحریک لبیک کے ساتھ معاہدہ ہوگیا ہے۔ تحریک لبیک نے فروری میں احتجاج کو ملتوی کر دیا ہے، تحریک لبیک نے احتجاج فروری کی بجائے 20 اپریل تک ملتوی کیا ہے، تحریک لبیک سے معاہدہ ہوا ہے ہم ان کی ڈیمانڈ کو پارلیمنٹ میں رکھیں گے،خیال رہے کہ تحریک لبیک پاکستان نے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے معاملے پر فرانسیسی سفیر کی ملک بدری، توہینِ رسالت ۖ بل کی منظوری اور فرانسیسی اشیا پر پابندی کے مطالبات کر رکھے ہیں۔ٹی ایل پی کے سربراہ مولانا سعد رضوی نے مطالبات کی منظوری کے لیے 16 فروری کی ڈیڈ لائن دے رکھی تھی جس پر پولیس نے انہیں گرفتار کرنا چاہتی تھی۔لاہور میں پولیس نے ٹی ایل پی کے سربراہ مولانا سعد رضوی کی گرفتاری التوا میں ڈال دی ہے، انہیں حراست میں لینے کے لیے پولیس کی بھاری نفری اقبال ٹاون میں ان کی رہائشگاہ کے باہر جمع ہوئی تھی لیکن کچھ دیر بعد پولیس کی نفری واپس لوٹ گئی۔حکومت پنجاب کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ مولانا سعد رضوی کا نام فورتھ شیڈول میں ڈال دیا گیا ہے،حکومت نے تحریک لبیک کے دوبارہ مذاکرات شروع کررکھے تھے، ایک ماہ کے دوران متعدد بار فریقین میں رابطے اور مذاکرات ہوئے تاہم  جمعرات کو حکومت اور تحریک لبیک کے مابین نیا معاہدہ طے پاگیا ہے۔ مذاکرات میں حکومت کی طرف سے وفاقی وزیر مذہبی امور پیرنورالحق قادری اور شیخ رشید شریک ہوئے جبکہ تحریک لبیک کی طرف سے مرکزی شوری کے اراکین غلام غوث بغدادی، ڈاکٹرشفیق امینی ، غلام عباس فیضی اور محمد عمیر الازہری نے دستخط کیے ہیں،حکومتی ذرائع کے مطابق حکومت نے 16 نومبر کے معاہدے کو 20 اپریل تک پارلیمنٹ میں پیش کرنے کی یقین دہانی کروا دی ہے۔ معاہدے کی شقوں کا فیصلہ اب پارلیمنٹ میں ہوگا، تحریک لبیک کے سربراہ سمیت دیگر رہنماوں اورکارکنان کے نام فورتھ شیڈول سے نکالے جائیں گے،۔