اسلام آباد(صباح نیوز)
وزارت ریلوے نے 10مئی سے محدود ریلوے آپریشن شروع کرنے کا اعلان کردیا۔ وزارت ریلوے کی جانب سے اس سلسلے میں نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ پہلے مرحلے میں ملک کے مختلف حصوں میں 15ٹرینیں چلائی جائیں گی جن میں خیبرمیل، عوام ایکسپریس، تیزگام، اسلام آباد ایکسپریس اور دیگر ٹرینیں شامل ہیں۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ سفر کے دوران مسافروں میں مناسب فاصلہ رکھنا لازم ہے جب کہ سفر کے دوران مسافر اپنا ٹکٹ سامنے رکھیں گے اور ٹکٹ چیکنگ کے دوران عملہ اور مسافر ایک دوسرے کو چھونے سے گریز کریں گے۔نوٹیفکیشن کے مطابق ریل کے ٹکٹوں کی 50 فیصد بکنگ آن لائن ہو گی۔واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی وجہ سے نافذ لاک ڈائون میں 9 مئی تک توسیع کی گئی ہے جس کی وجہ سے ملک بھر میں بین الاقوامی و علاقائی فضائی آپریشن سمیت ٹرین سروس بھی بند ہے۔ملک بھر میں ٹرین سروس 24 مارچ سے بند ہے جس کی وزیر ریلوے شیخ رشید نے یکم رمضان سے بحالی کا عندیہ دیا تھا تاہم وفاقی حکومت نے ٹرین آپریشن بحال کرنے کی اجازت نہیں دی۔