لاہور (صباح نیوز)
پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے آنے کے بعد مختلف شعبے متاثر ہوئے ہیں۔ موجودہ حکومت کے دور میں میڈیا کو بھی تباہ کن حالات کا سامنا ہے۔ حکومت نے پہلے اشتہارات کی بندش کے آمرانہ اقدامات کا سہارا لیا۔ میڈیا پر دبا ئوبڑھانے صحافیوں پر دبائو بڑھانے کی منصوبہ بندی کی گئی ۔ ان خیالات کا اظہار شہباز شریف نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کولکھے گئے خط میں کیا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 24نیوز کی بندش سے ہزاروں افراد کا چولہا بجھ چکا ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت کے آنے کے بعد مختلف شعبے متاثر ہوئے ہیں۔ موجودہ حکومت کے دور میں میڈیا کو بھی تباہ کن حالات کا سامنا ہے۔ حکومت نے پہلے اشتہارات کی بندش کے آمرانہ اقدامات کا سہارا لیا، میڈیا پر دبائو بڑھانے صحافیوں پر دبائوبڑھانے کی منصوبہ بندی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ وکلا برادری بھی حکومتی اقدامات کو انتقامی کارروائی قرار دے چکی ہے، معاملہ محض 24نیوز کی بندش کا نہیں حکومتی عدم برداشت کا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومتی اختیار ہر اس آواز کو خاموش کرانے کے لئے استعمال کیاجارہا ہے جو حکومتی سچ کو ماننے سے انکاری ہے، جمہوریت اور دستور کی حکمرانی میں میڈیا ریاست کا چوتھا اور باوقار ستون تصور ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دستور پاکستان میں اطلاعات تک رسائی بنیادی حق تسلیم کیا گیا، 1973 میں پہلے سے موجود ضمانت کو 18ترمیم نے پختہ بنایا ہے،امید ہے کہ آپ پارٹی وابستگی یا وزیراعظم کے دبائوکی بجائے آئین، جمہوریت اور ریاست کے چوتھے ستون کو مدنظر رکھ کر فیصلہ کریں گے۔