وفاقی حکومت کی بورڈ کی تشکیل میں ناکامی سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل میں تاخیر کا باعث بنی، عدالت

اسلام آباد (ویب ڈیسک)

اسلام آباد ہائی کورٹ نے زرعی ترقیاتی بینک کے 112 نائب صدور کی تنزلی کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔ ہفتہ کو چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے زرعی ترقیاتی بینک کے 112 نائب صدور کی تنزلی کے خلاف درخواست پر تفصیلی فیصلہ جاری کردیا، 16 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ نائب صدور کی تنزلیوں کا فیصلہ بینک کے صدر نے کیا جب کہ بینک کے صدر کے پاس پالیسی فیصلہ کرنے کا اختیار نہیں تھا۔عدالت نے قرار دیا کہ بینک کا بورڈ موجود ہی نہیں، یہ اہم حقیقت سپریم کورٹ سے چھپائی گئی، بینک کا بورڈ موجود نہ ہوتے ہوئے سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل نہیں ہو سکتا تھا، زرعی ترقیاتی بینک کا بورڈ 3 سال تک تشکیل نہ دیا جا سکا، وفاقی حکومت کی بورڈ کی تشکیل میں ناکامی سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل میں تاخیر کا باعث بنی، اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر وفاقی حکومت نے 30 دسمبر 2020 کو بورڈ تشکیل دیا۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے بینک کے نئے بورڈ کو 3 ماہ میں فیصلہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ بورڈ سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں افسران سے متعلق پالیسی فیصلہ کرے اور تین ماہ میں فیصلہ نہ کرنے پر افسران کی ترقی کا نوٹیفکیشن غیر موثر ہو جائے گا۔ ایسی صورت میں عہدوں پر پرانے قانون کے تحت دوبارہ بھرتیاں کرناہوں گی۔