کالعدم ٹی ایل پی کا احتجاج، گوجرانوالہ میں جی ٹی روڈ پر12فٹ خندقیں کھود دی گئیں

وزیر داخلہ شیخ رشید کی زیر صدارت لاہور میں اجلاس، ٹی ایل پی مارچ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی

لاہورمیں تمام سڑکیں کھول دی گئیں،میٹرو بس سروس گجو مٹہ سے میو کالج تک جزوی طور پر بحال

 مارچ کو روکنے کیلئے اسلام آباد سے لاہور اور لاہور اسلام آباد جانے والا مین جی ٹی روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا

راولپنڈی میں میٹرو بس سروس معطل کردی گئی، آئی جے پی روڈ کے اسٹاپ سے پاکستان سیکریٹریٹ تک آپریشنل رہی

لاہور، گوجرانوالہ،اسلام آباد( ویب  نیوز)کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی)کا احتجاجی مارچ لاہور سے اسلام آباد کی طرف رواں ہے جبکہ صوبائی دارالحکومت لاہورمیں تمام سڑکیں کھول دی گئیں اورٹریفک معمول پر آ گئی ہے۔ تاہم مارچ کو دریائے چناب کے قریب روکنے کے لیے جی ٹی روڈ پر 12فٹ چوڑی اور 12فٹ گہری خندقیں کھودی گئی ہیں۔لاہور کے ڈپٹی کمشنرعمر شیر چٹھہ کے مطابق کہ شہر کی تمام سڑکیں ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہیں اور میٹرو بس سروس گجو مٹہ سے میو کالج تک جزوی طور پر بحال کردی گئی ہے۔ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہے، پولیس شہری بابوصابو، سگیاں، شاہدرہ اور ٹھوکر نیاز بیگ سمیت دیگر راستوں سے آجا سکتے ہیں، ٹریفک پولیس کالعدم تنظیم کی ریلی دوران شہریوں کو متبادل راستے فراہم کرتی نظر آئی۔ترجمان کے مطابق متبادل راستوں پر اضافی نفری تعینات کرتے ہوئے ٹریفک کو رواں دواں رکھا گیا، فیروز پور روڈ، جیل روڈ، وحدت روڈ، مال روڈ، کینال روڈ پر ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہے، بابو صابو سے سکیم، سکم موڑ سے یتیم خانہ ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا، لوئر مال، راوی پل، سیکرٹریٹ چوک میں ٹریفک معمول کے مطابق چل رہی ہے۔دوسری طرف ہائی وے پولیس کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ گوجرانوالہ میں دریائے چناب کے قریب مارچ کو روکنے کے لیے گھڑے کھود دیئے گئے ہیں،

جی ٹی روڈ ٹول پلازہ پر 12فٹ چوڑی اور 12فٹ گہری خندقیں بنائی گئی ہیں، مارچ کو روکنے کیلئے اسلام آباد سے لاہور اور لاہور اسلام آباد جانے والا مین جی ٹی روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا۔دوسری طرف جی ٹی روڈ پر گھڑے کھودے جانے سے عام شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے، گھڑے کھودنے سے گوجرانوالہ شہر کا گجرات کا رابطہ کٹ گیا۔دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کی زیر صدارت لاہور میں اہم اجلاس ہوا، پنجاب سیف سٹی اٹھارٹی آفس میں اجلاس میں وفاقی اور صوبائی وزرا بھی شریک ہوئے، اجلاس میں نور الحق قادری ،علی امین گنڈا پور، صوبائی وزیر قانون راجا بشارت ،آئی جی پنجاب اور دیگر بھی موجود تھے۔ وزیر داخلہ شیخ رشید کو کالعدم تنظیم ٹی ایل پی مارچ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ادھر دوسری جانب اسلام آباد ٹریفک پولیس نے ایک الرٹ جاری کرکے شہریوں کو آگاہ کیا گیا کہ ایکسپریس چوک ٹریفک کے لیے بند ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مارگلہ روڈ، ایوب چوک، نادرا چوک اور ڈھوکری چوک کو متبادل طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آئی جے پی روڈ سے فیض آباد اور آئی جے پی روڈ سے اسٹیڈیم روڈ تک ٹریفک کے دونوں اطراف کے لیے نائنتھ ایونیو سگنل پر ڈائیورژن رکھا گیا ہے، متبادل کے طور پر نائنتھ ایونیو کو اسلام آباد میں داخل ہونے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے اور پشاور روڈ کو راولپنڈی کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔اس کے علاوہ مری روڈ کو دونوں جانب سے ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے، پولیس نے کہا ہے کہ اسلام آباد سے مری روڈ کی طرف جانے والے مسافروں کے لیے ٹریفک کو اسلام آباد ہائی وے کی طرف موڑا گیا۔آئی ٹی پی کا کہنا تھا کہ راول ڈیم چوک سے فیض آباد تک ٹریفک کو فیض آباد سے پہلے مری روڈ پر موڑ دیا گیا ہے، متبادل کے طور پر پارک روڈ، ٹرامری چوک اور لہترار روڈ کو اسلام آباد ہائی وے تک پہنچنے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔مزید کہا گیا کہ راولپنڈی میں میٹرو بس سروس معطل کردی گئی ہے لیکن آئی جے پی روڈ کے اسٹاپ سے پاکستان سیکریٹریٹ تک آپریشنل رہی۔