انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ میں ترقی سے مجموعی قومی پیداوار بڑھاسکتے ہیں،صدرمملکت

ڈیجیٹل پاکستان ہمارا وژن ہے، ملک میں آئی ٹی کے گریجویٹس کی تعداد بڑھانے کی ضرورت ہے

  ترقی کے سفر میں آگے بڑھنے کے لئے چین کی طرح جلد فیصلے کرنے ہونگے، ڈاکٹر عارف علوی کا قومی براڈ بینڈ نیٹ ورک فورم سے خطاب

اسلام آباد ( ویب  نیوز)

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل پاکستان ہمارا وژن ہے، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ میں ترقی سے پاکستان کی مجموعی قومی پیداوار کو بڑھاسکتے ہیں، ملک میں آئی ٹی کے گریجویٹس کی تعداد بڑھانے کی ضرورت ہے، عوام کو فیک نیوز کے بارے میں آگاہ کرنا ہوگا، دنیا میں ٹیکنالوجی تیزی سے ترقی کررہی ہے، ترقی کے سفر میں آگے بڑھنے کے لئے چین کی طرح جلد فیصلے کرنے ہوں گے۔ صدر مملکت بدھ کو یہاں قومی براڈ بینڈ نیٹ ورک فورم سے خطاب کررہے تھے۔ تقریب سے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)کے چیئرمین میجرجنرل (ر)عامر عظیم باجوہ، وفاقی سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت اور ٹیلی مواصلاتی کمپنیوں کے سربراہوں اور نمائندوں نے بھی خطاب کیا۔ ڈاکٹر عارف علوی نے فورم کے انعقاد پر پی ٹی اے اور ہواوے کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے ہر ملک میں ٹیکنالوجی کے بارے میں فیصلہ سازوں اور لوگوں کے درمیان جنریشن گیپ ہوتا ہے، انفارمیشن ٹیکنالوجی کیلئے ضروری ہے کہ وہ تیزی سے ترقی کرے۔انہوںنے کہا کہ آئی ٹی کے شعبہ میں ترقی کے لئے حکومت اپنا ہر ممکن کردار ادا کرے گی، حکومت کی کوشش ہوگی کہ وہ اس میں سہولت کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جس طرح درآمدات اور برآمدات سمیت معیشت کے مختلف شعبوں میں توازن پیدا کرنے کے لئے کوشیں کررہی ہیں، وہ آئی ٹی کے شعبہ کی ترقی کے لئے بھی اپنی ترجیحات کا تعین کرے گی۔ صدر نے کہا کہ ڈیٹا کا استعمال ضروری ہے، دنیا کے پاس اتنا ڈیٹا موجودہے کہ اس کا تجزیہ کرنا بھی مشکل ہے، مستقبل میں ڈیٹا کے استعمال کے بارے میں انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے ماضی میں تنظیم سازی کے لئے سمارٹ فونز کا استعمال کیا اور اس میں 3.5 ملین کارکنوں نے ووٹ دیئے تھے، پاکستان میں آئندہ انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کا استعمال چاہتے ہیں جس کے لئے عوام میں آگاہی پیدا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی میں جدت آ رہی ہے، براڈ بینڈ میں بھی وسعت آ گئی، ٹیکنالوجی کی ترقی کے لئے مستقبل کی ضرورت کو بھی مد نظر رکھنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ فیک نیوز کاسیلاب ہے، اس کو روکنے اور لوگوں میں اس کے متعلق آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوںنے کہا کہ دنیا اور ہم سیکھ رہ ہیں تاہم کئی چیزیں آپ کے کنٹرول سے باہر ہیں۔بھارت میں 2019 کے انتخابات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان انتخابات میں سوشل میڈیا کی 70 فیصد خبریں جعلی تھیں۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ملک میں آئی ٹی کے گریجوایٹس کی تعداد بہت کم ہے جنہیںبڑھانے کے لئے تمام یونیورسٹیوں کو ہدایت کی گئی ، آئی ٹی گریجوایٹس کی تعداد بڑھنی چاہئے اور حکومت اس عمل کی حوصلہ افزائی کرے گی تاہم صدر نے یہ واضح کیا کہ آئی ٹی کے شعبہ میں ہنر مند افراد کو تیارکر کے انہیں بیرون ملک کی بجائے ملک کی ترقی کے لئے استعمال کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں چھاتی کے سرطان کی آگاہی مہم میں پی ٹی اے کا اہم کردار ہے، کورونا وائرس کی صورتحال میں حکومت کے بہتر فیصلوں کی بدولت ای کامرس اور ٹیکنالوجی کے استعمال اور اس کو ترقی دینے کا عمل آسان ہو گیا، آئی ٹی اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے بیماریوں پر بھی قابو پانے میں بھی مدد ملے گی، مستحقین کو بینک اکائونٹس کے ذریعے رقوم فراہم کر رہے ہیں۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے چیئرمین میجرجنرل (ر)عامر عظیم باجوہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پہلے قومی براڈ بینڈ نیٹ ورک فورم کا انعقاد ڈیجیٹل پاکستان کی جانب ایک اہم قدم ہے، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان کا ڈیجیٹل پاکستان کے وژن میں اہم کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کام کرنے والی ٹیلی کام کمپنیاں حکومت کی پالیسی کے مطابق فائیو جی ٹیکنالوجی کے لئے حکمت عملی تیار کررہی ہیں۔ وفاقی سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل پاکستان وزیر اعظم کا وژن ہے، آئی ٹی اور ٹیلی کام کے شعبہ کا جی ڈی پی میںاہم کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے آئی ٹی کو صنعت کا درجہ دیا ہے، مقامی سطح پر موبائل فون تیار کئے جارہے ہیں جس کے باعث ان کی درآمد میں کمی آئی ہے۔ پی ٹی سی ایل کے گروپ ایگزیکٹیو حاتم بماتراف سمیت کئی ٹیلی مواصلاتی کمپنیوں کے نمائندوں نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔