ملائیشیا پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے۔ ڈیڈی فیصل احمد صالح
پاکستان کی تاجر برادری ملائیشیا کے ساتھ کاروبار کرنے کو ترجیح دیتی ہے۔ شکیل منیر

اسلام آباد (ویب نیوز  ) ملائیشیا ایک تجارت کرنے والی قوم ہے اور پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط کرنا چاہتی ہے کیونکہ دونوں ممالک متعدد شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تجارت کو فروغ دینے کی عمدہ صلاحیت رکھتے ہیں۔ ملائیشیا پاکستان میں صنعتی تربیت کو مزید وسعت دینے کا بھی ارادہ رکھتا ہے جس میں فنی اور پیشہ ورانہ تعلیم کی تربیت، تحقیق و ترقی، کمرشلائزیشن اور اختراعات شامل ہیں تاکہ پاکستان کی معیشت کو ان سے بہتر فائدہ حاصل ہو۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان میں تعینات ملائیشیا ہائی کمیشن کے چارج ڈی افیئرز ڈیڈی فیصل احمد صالح نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع تاجر برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ پاکستان ملائیشیا بزنس کونسل کے صدر داتوک نذیر بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے۔


ڈیڈی فیصل احمد صالح نے کہا کہ ملائیشیا اپنی ایس ایم ایز کو بہتر مراعات فراہم کر رہا ہے اور دونوں ممالک کے ایس ایم ای شعبوں کے درمیان قریبی تعاون دو طرفہ تجارت کو بہتر فروغ دینے میں بہت معاون ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ملائیشیا پاکستان سے سیکیورٹی گارڈز درآمد کرنے خصوصی دلچسپی رکھتا ہے جس کے لیے دستاویزی کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت سی پاکستانی مصنوعات زیادہ قیمت پر تیسرے ملک کے ذریعے ملائیشیا کی مارکیٹ میں پہنچ رہی ہیں لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک براہ راست تجارت کو فروغ دینے پر زیادہ توجہ دیں جس سے دونوں کی معیشتوں کو بہتر فائدہ ہو گا۔ پاک ملائیشیا بزنس کونسل کے صدر داتوک نذیرنے دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان مضبوط کاروباری روابط کو فروغ دینے پر زور دیا تاکہ کاروبار اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید بہتر کیا جائے۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد شکیل منیر نے کہا کہ پاکستان کی تاجر برادری ملائیشیا کے ساتھ تجارت کو فروغ دینے کو ترجیح دیتی ہے کیونکہ اس سے ان کو آسیان کی بڑی مارکیٹ تک آسان رسائی فراہم ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا حلال گوشت، آئی ٹی مصنوعات، پھل و سبزیاں اور دیگر بہت سی مصنوعات ملائیشیا کی مارکیٹ میں بہتر مقبولیت حاصل کر سکتی ہیں لہذا ملائیشیا پاکستان سے ان کی درآمدات کو بڑھانا پر توجہ دے۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت اور انفراسٹریکچر کی ترقی کے شعبوں میں بھی دونوں ممالک باہمی تعاون کو فروغ دینے کی عمدہ صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے تجارتی تعلقات کی مزید بہتری کیلئے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان براہ راست پروازوں کی تعداد کو بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر جمشید اختر شیخ نے کہا کہ چیمبر ملائیشیا میں ایک اور بزنس کانفرنس منعقد کرنے پر غور کر رہا ہے لہذا ملائیشیا کا ہائی کمیشن کو اس ایونٹ کے انعقاد میں ہرممکن تعاون کرے۔
آئی سی سی آئی کے نائب صدر محمد فہیم خان نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور ملائیشیا تجارتی وفود کا باقاعدگی کے ساتھ تبادلہ کرنے کی حوصلہ افزائی کریں جس سے دونوں دوست ممالک کے درمیان باہمی تعاون کی نئی راہیں تلاش میں مدد ملے گی۔
باسر داؤد، شیخ اعجاز، سعید خان، چوہدری محمد علی، اختر حسین، خالد محمود، راجہ امتیاز، شہباز شیخ، فہد فرید، محمد نوید، عباس ہاشمی، خالد چوہدری اور دیگر نے بھی پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دو طرفہ تجارتی و اقتصادی تعلقات کو بہتر فروغ دینے کے لیے مفید تجاویز پیش کیں۔