پی ڈی ایم مہنگائی مارچ کی تاریخ تبدیل کرے،شیخ رشید

23مارچ افواج پاکستان کا عالمی سطح پر منایا جانے والا دن ہے، جس میں ساری قوم شریک ہوتی ہے

چارماہ تک عمران خان مہنگائی کو بھی کنٹرول کرنے کی پوزیشن میں ہوں گے ،پریس کانفرنس سے خطاب

اسلام آباد (ویب  نیوز)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے پاکستان ڈیموکریٹک مووومنٹ (پی ڈی ایم)سے 23مارچ کویوم پاکستان کے دن اعلان کردہ مہنگائی مارچ کی تاریخ تبدیل کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کو15دن پہلے لے آئیں یا سات روز بعد لے جائیں،  23مارچ افواج پاکستان کا عالمی سطح پر منایا جانے والا دن ہے، جس میں ساری قوم شریک ہوتی ہے اور ایک کروڑ اوورسیز پاکستانیوں کے براہ راست اس کے ساتھ جذبات رکھتے ہیں۔میں مولانا فضل الرحمان سے کہنا چاہتا ہوں کہ آپ جن کے پیچھے لگے ہوئے ہیں ان کے ٹیلنٹس تو کچھ اور ہیں، جاتی امراء کے پورے خاندان کی صلاحیتیں گلوکاری میں زیادہ ہیں ، تو کیاآپ درس نظامی کے طلباء کو ان کے ساتھ لے جانا چاہیں گے۔ مجھے پورایقین ہے کہ آپ اس تاریخ پر ازسرنوغورکریں گے۔ چارماہ تک عمران خان اس مہنگائی کو بھی کنٹرول کرنے کی پوزیشن میں ہوں گے۔ کوئی نگران حکومت نہیں آرہی،نگران حکومت کیسے آئے گی، عمران خان اپنے پانچ سال پورے کریں گے اورپاکستان میں جمہوری عمل آگے بڑھے گا۔ان خیالات کااظہار شیخ رشید احمد نے وزارت داخلہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم نے چار ماہ پہلے 23مارچ کو مہنگائی مارچ کی کال دی ہے اور یوم پاکستان پر دی ہے، میں خص طور پر مولانا فضل الرحمان اور میاں محمد شہباز شریف سے کہنا چاہتا ہوں کہ 23مارچ افواج پاکستان کا عالمی سطح پر منایا جانے والا دن ہے، جس میں ساری قوم شریک ہوتی ہے اور ایک کروڑ اوورسیز پاکستانیوں کے براہ راست اس کے ساتھ جذبات رکھتے ہیں۔ سارے جنگی ہتھیار جو پریڈ میں آتے ہیں وہ جی ٹی روڈ سے آتے ہیں، ہمارے زیادہ تر کور ہیڈکوارٹرز جی ٹی روڈ پر ہیں اور چھ ، سات دن پہلے یہ راستے بند ہوجاتے ہیں، اسلام آباد کے بعض راستے بند کردیئے جاتے ہیں، پھر اپوزیشن یہ اعتراض نہ کرے کہ ہمارے راستوں کو بند کیا گیا ، میں تین ماہ بعد اس پر بات کروں گا کیوں کہ اس میں ابھی پونے چار ماہ باقی ہیں تاکہ اس کا کیا حل نکالا جائے۔میں اپوزیشن کو غوروفکر کی دعوت دیتا ہوں کہ یہ قومی مسئلہ ہے اور جب آپ نے اس قومی مسئلہ پر ساڑھے تین سال بعد تاریخ دینے کا فیصلہ کیا تو وہ بھی غلط کیا۔ چار ماہ بعد پنجاب میں بلدیاتی انتخابات بھی ہوں گے، اپنے سارے طریقہ کارپر غور کریں۔ ہم نیشنل ایکشن پروگرام پر سختی سے عملدرآمد کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب ساری تحریک میڈیا پر ہے،میڈیا انتہاپسندی کو روکنے کے لئے اپنا تاریخی کردار اداکرے۔ سیالکوٹ کا واقعہ لوگوں کے سامنے ہے اورگذشتہ روز لاہور کے بخشی خانے میں پولیس والے کھڑے ہیں اور لوگ مفرور ہوگئے ہیں۔ آئی جی اسلام آباد کی بھی تبدیلی کی گئی ہے کیوں کہ یہاں جرائم کی شرح میں اضافہ ہورہا ہے۔ہم اپنی ایک سالہ کارکردگی14تاریخ کو پیش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم مل کر عہد کرے کہ انتہا پسندی کا قلع قمع کریں گے اوردہشت گردی کے خلاف اٹھنے والی ہرآواز کو قانون سے کچل دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ سیالکوٹ میں ایک غلط، برا، اندوہناک، ملک کو بدنامی سے دوچارکرنے والا واقعہ ہوا ہے جس میں مذمت کرتا ہوں۔ ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ کوئی نگران حکومت نہیں آرہی،نگران حکومت کیسے آئے گی، عمران خان اپنے پانچ سال پورے کریں گے اورپاکستان میں جمہوری عمل آگے بڑھے گا، وہ لوگ عقل کے اندھے ہیں اور غیر ذمہ دار ہیں، تحریک چلانے کا اصل وقت وہی تھا جب مولانا فضل الرحمان صاحب اسلام آباد آئے تھے۔ الیکشن کو ڈیڑھ سال پڑا ہے تاہم ابھی سے ارکان اسمبلی نے الیکشن مہم شروع کردی ہے۔ ایک سال تو حلقے کے لوگوں کو راضی کرنے میں لگ جاتا ہے۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ یہ راولپنڈی والوں کی روایت ہے کہ وہ اپنے مخالف کے جنازے یا اس کی دعا میں شریک ہوتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ وہ تین ماہ بعد اپوزیشن سے بات کریں گے اور ایک ماہ ابھی باقی ہو گا اور کوئی راستہ نکالیں گے ،اگر انہوں نے قانو ن کی راہ اختیار کی تو جلسہ ، جلوس کرنا ان کا حق ہے، لیکن جس تاریخ کا وہ انتخاب کررہے ہیں اس پر میں نے نظرثانی کی اپیل کی ہے۔ مجھے امید ہے کہ چار ماہ میں بہتری کے حالات ہوں گے۔ وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ آٹھ ،10دن سے اسلام آباد کے سکول بند ہیں تاہم یہ میرا موضوع نہیں ، وزیرتعلیم شفقت محمود اور میرے بھائی اسد عمر سے اس حوالے سے سوال کریں۔ ZS