ملکی تاریخ کا سب سے بڑا بجٹ خسارہ ریونیو اور قومی آمدن میں اضافے کے حکومتی دعوئوں کو جھوٹ ثابت کررہا ہے

تاریخ میں پہلی بار وفاقی حکومت بجٹ خسارے کا 318 ارب روپے کا اپنا ہدف بھی حاصل نہیں کرپائے گی

یہ جی ڈی پی کے 8 فیصد کے مساوی ہے، اس خسارے کو پورا کرنے کے لئے مزید عالمی اور ملکی قرض لئے جائیں گے

عمران خان گھٹیا سیاست کر رہے ہیں، خارجہ پالیسی اور نازک معاملات پر غیر محتاط بیانات سے کشمیر کاز کو نقصان ہوگا

عمران خان جہاں جا رہے غلاظت کے ڈھیرجمع کر کے جا رہے ہیں، ان کے غلاظت کے ڈھیر کون صاف کرے گا ؟

ہم تمہارے فسطائی ہتھکنڈوں کو نہ صرف جانتے ہیں بلکہ اس کا مقابلہ بھی کرتے رہے ہیں، ہم جیلوں میں بھی گئے

مسلم لیگ( ن )کے صدر اور قومی اسمبلی میںاپوزیشن لیڈر کی اسپیشل سنٹرل عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو

لاہور( ویب  نیوز)

لاہور (صباح نیوز)صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمد شہبازشریف نے بجلی، گھی کی قیمتوں میں اضافے کو عمران نیازی کا ایک اور یوٹرن قرار دیا دیا، کہا تھا کہ عمران نیازی بجلی اور اشیائے خوردونوش کی قیمتیں نہ بڑھانے کے اعلان پر یوٹرن نہ لیں لیکن انہوں نے روایت برقرار ر کھی۔ ان خیالات کااظہار شہباز شریف نے جمعرات کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ شہبازشریف کا کہنا تھا کہ ملکی تاریخ کا سب سے بڑا بجٹ خسارہ ریونیو اور قومی آمدن میں اضافے کے حکومتی دعوئوں کو جھوٹ ثابت کررہا ہے۔ تاریخ میں پہلی بار وفاقی حکومت بجٹ خسارے کا 318 ارب روپے کا اپنا ہدف بھی حاصل نہیں کرپائے گی۔ یہ جی ڈی پی کے 8 فیصد کے مساوی ہے، اس خسارے کو پورا کرنے کے لئے مزید عالمی اور ملکی قرض لئے جائیں گے ۔ حقائق بتارہے ہیں کہ حکومت فیل ہوچکی ہے اور پاکستان کو فیل اور معاشی دیوالیہ کرنے پر تلی ہوئی ہے

پاکستان مسلم لیگ( ن )کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان سامنے آئیں اور مقابلہ کریں، اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرنا بند کریں، وزیراعظم کو اپنا انجام نظر آ رہا ہے، اس لیے وہ دھمکیوں اور بازاری زبان پر اتر آیا، چور چور کے بیانات وہ دے رہا ہے، جس کا ذہن مائوف ہو چکا ہے ۔لاہور میں اسپیشل سنٹرل عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان جہاں جا رہے غلاظت کے ڈھیرجمع کر کے جا رہے ہیں، ان کے غلاظت کے ڈھیر کون صاف کرے گا ؟ عمران خان گھٹیا سیاست کر رہے ہیں، خارجہ پالیسی اور نازک معاملات پر غیر محتاط بیانات سے کشمیر کاز کو نقصان ہوگا، نہیں چھوڑوں گا اور چور ڈاکو ایسا شخص کہہ رہا ہے جو خوفزدہ ہے، ایک مہذب شخص ایسی گفتگو نہیں کرتا جو عمران خان کر رہے ہیں۔شہباز شریف نے کہاکہ عمران خان سامنے آکر مقابلہ کرو، اوچھے ہتھکنڈے مت استعمال کرو، ہم تمہارے فسطائی ہتھکنڈوں کو نہ صرف جانتے ہیں بلکہ اس کا مقابلہ بھی کرتے رہے ہیں، ہم جیلوں میں بھی گئے ہیں اور اب بھی تمہارے ہر اوچھے اقدام کا مل کر مقابلہ کرینگے اور ناکام بنائیں گے۔ انہوںنے کہا کہ میں عمران خان کے بیانات نہیں پڑھتا، نہیں چھوڑوں گا اور چور و ڈاکو کی رٹ وہ شخص لگا رہا ہے جس کی عقل مائوف ہو چکی ہے، عمران خان کو اپنا انجام نظر آ رہا ہے اور وہ خوفزدہ ہو چکا ہے، اس لئے دھمکیوں اور بازاری زبان پر اتر آیا ہے۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ عمران نیازی جس طرح کی زبان  استعمال کررہے ہیں انکو زبان پر نہیں لایا جاسکتا، عمران خان جہاں جارہے ہیں گندگی کے ڈھیر چھوڑ کرجارہے ہیں انہیں کون صاف کرے گا، عمران خان سستی اور گھٹیا سیاست کررہے ہیں۔دوسری جانب حمزہ شہباز نے کہاکہ عمران نیازی نے تقاریر میں اخلاقی اقدار کی دھجیاں اڑائیں، چور اور ڈاکو سن سن کر کان پک گئے ہیں، عمران نیازی خارجہ معاملات پر بھی غیر ذمہ دارانہ گفتگو کرتے ہیں، کیا پاکستان کے تجارتی مفادات دوسرے ممالک سے جڑے ہوئے نہیں ؟ وزیراعظم کے بیان پر وزیر خزانہ کو کہنا پڑا ایسی بات نہیں کرنی چاہیے تھی، وزیراعظم کے منہ پر ٹیپ لگا دینی چاہیے، یہ ملکی مفادات کا نقصان کرتے ہیں۔