بی او پی نیشنل ڈیف ٹی ٹونٹی کرکٹ چیمپئن شپ کا آغاز

لاہور (ویب نیوز )

بینک آف پنجاب تنوع اور شمولیت کے ماحو ل کو فروغ دینے میں سرگرم عمل ہے۔ بینک عوام کی خدمت اوربہتری کی کوششوں میں پرعزم ہے۔ اسی لیے بینک سماعت سے محروم کرکٹرزکو صحت مند اتھلیٹک مقابلوں کے موقع فراہم کرنے کیلئے بی او پی نیشنل ڈیف ٹی ٹونٹی کرکٹ چیمپئن شپ کو سپانسر کر رہا ہے ۔ یہ قدم سماعت سے محروم کمیونٹی کے اراکین کے درمیان بامعنی روابط قائم کر کے نتیجہ خیز آؤٹ لیٹ فراہم کرے گا اور شریک کارافراد کوجسمانی، سماجی، اور نفسیاتی فوائد حاصل ہوں گے۔
بی او پی نیشنل ڈیف ٹی ٹونٹی کرکٹ چیمپئن شپ کی افتتاحی تقریب پنجاب یونیورسٹی گراؤنڈ میں منعقد ہوئی۔ چیمپئن شپ کا افتتاح بی او پی صدر اور سی ای او ظفر مسعود نے کیا۔ تقریب میں پاکستان ڈیف کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر عرفان معراج اور عوام نے بڑی تعدادامیں نے شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بی او پی صدر اور سی ای او ظفر مسعود نے کہا کہ اس ٹورنامنٹ کو سپانسر کرنا نہ صرف ہمارے عزم کا اظہار ہے بلکہ تنوع اور برابر مواقع فراہم کرنا بھی ہے جو کہ ہمارے برینڈ کی کاپوریٹ ویلیوز اور بنیادی اصول ہے۔ اسی اصول اور سٹیٹ بینک آف پاکستان ہدایات پر معذور افراد کی زندگی میں آسانیاں لانے کیلئے بی اوپی ملک گیر سطح پر خصوصی برانچوں کا نیٹ ورک قائم کر رہاہے۔ یہ برانچیں خصوصی طور پر معذور افراد کی ضروریات کو مد نظر رکھ کر تیار کی جائیں گی اوران میں خصوصی سہولیات ہوں گی۔
ٹورنامنٹ 21 تا26 مارچ جاری رہے گا جس میں سماعت سے محروم کرکٹرز کی 18 ٹیمیں شامل ہوں گی۔ ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب علیم ڈار اکیڈمی میں 26 مارچ کو منعقد ہو گی۔