رحیم یار خان (ویب نیوز ).

     خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجنیئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی میں یوم پاکستان پورے قومی جوش و جذبےکے ساتھ منایا گیا۔ جامعہ میں پرچم کشائی کی پروقار تقریب کاانعقاد کیاگیا جب کہ دن کی مناسبت سے قومی رنگوں سے مزید خوب صورت کیک بھی کاٹا گیا۔جب کہ وطن عزیز کی سلامتی کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔ یوم پاکستان پر اپنے پیغام میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیمان طاہر کا کہنا تھا کہ 23مارچ رچ 1940 برصغیر پاک وہند کے مسلمانوں کےلیے وہ اہم دن تھا، جب قرار داد پاکستان پیش کی گئی۔انہوں نے کہااس قرارداد کی منظوری کے بعد ہندوستان کے مسلمانوں نے قائداعظم کی ولولہ انگیز قیادت میں اپنے لیے الگ ملک ’’پاکستان‘‘ کے حصول کےلیے اپنے تن، من اور دھن کی بازی لگادی اور پھر دنیا نے دیکھا کہ محض سات سال کی اَن تھک اور مخلصانہ تحریک کے نتیجے میں 14 اگست 1947 کو دنیا میں ایک نیا ملک پاکستان وجود میں آچکا تھا، جس کی بنیاد وہ کلمہ توحید تھا جس نے اس خطے کے مسلمانوں کے دل و جاں میں ایک ایسا جذبہ اور پھرتی بھر دی تھی کہ سب نے اپنی جانیں تک  قربان کردینے کو  اعزاز سمجھا اور اسی نعرہ ’’پاکستان کا مطلب کیا، لا الہ الاللہ‘‘ کو ہمیشہ کےلیے پاکستان کی بنیاد قرار دیا گیا۔آج اس قرارداد کے نتیجے میں شروع ہونے والی تحریک کے ذریعے حاصل ہونے والے ہمارے ملک پاکستان کو معرض وجود میں آئے 75 واں سال ہے اور ہم ہر سال 23 مارچ کو یوم پاکستان کے نام سے قومی جوش و جذبے سے مناتے ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر محمدسلیمان طاہر نے کہا یہ یوم تشکر اور یوم تجدید عہد بھی ہے۔ یہ دن اس امر کا تقاضا کرتا ہے کہ ہم ہر طرح کے اختلافات کو پس پشت ڈال کر ایک ہو جائیں۔ ہمیں ایک قوم بن کر ہمت اور حوصلے سے ہر طرح کے چیلنجز کا مقابلہ کرنا ہے اور پاکستان کو کامیابی کے ساتھ مستقبل کی منازل کی طرف لےکر جانا ہے۔ میری دعا ہے کہ رب ذوالجلال اس پاک دھرتی کو یونہی شاد اور آباد رکھے۔ آمین۔ تقریب میں ڈاکٹر یاسر نیاز،ڈاکٹر عبدالرشید، ڈاکٹر شاہد عتیق، ڈاکٹراسلم خان، عابد علی سمیت مختلف شعبہ جات کے سربراہان اور سٹاف نے بھی شرکت کی۔