اسلام آباد  (ویب نیوز)

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے عدلیہ کے متوازی اختیارات اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیئے گئے ، وکیل دانیال کھوکھر نے پی ٹی آئی رہنما بابر اعوان کے توسط سے دائر آئینی درخواست میں استدعا کی کہ الیکشن کمیشن کو عدالتوں جیسے اختیارات دینے والی الیکشن ایکٹ کی 3دفعات کو کالعدم قرار دیا جائے ، عدالت سے استدعا کی گئی کہ الیکشن کمیشن کا توہین پر سزا دینے اور ڈائریکشن جاری کرنے کا اختیار بھی کالعدم قرار دیا جائے ، درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ الیکشن ایکٹ2017کی سیکشن چار، نو اور دس کالعدم قرار دی جائیں، درخواست میں الیکشن کمیشن کا مکمل انصاف کیلئے کوئی بھی آرڈر جاری کرنے کا اختیار بھی چیلنج کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ملک میں پانچ آئینی ہائیکورٹس اور سپریم کورٹ موجود ہے،کوئی اور ریاستی ادارہ آئینی عدالتوں کی برابر ی نہیں کر سکتا ، درخواست  میں موقف اپنایا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن سے تنخواہوں اور مراعات کی تفصیل بھی طلب کی جائے اور اگر الیکشن کمیشن کی تنخوائیں آئینی عدالتوں کے برابر ہوں تو غیر قانونی قرار دی جائیں، درخواست میں کہا گیا ہے کہ اس درخواست پر فیصلے تک الیکشن کمیشن کو عدالتی اختیارات کے استعمال سے روکا جائے۔