اسلام آباد  (ویب نیوز)

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ریٹائرڈ پینشنرز کی پنشن مراعات روکنے کے خلاف  دائر درخواست سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کرلیا ہے ۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے فاضل جج جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے فریقین  سول ایوی ایشن اتھارٹی کے چیئرمین، سیکرٹری، ڈی جی اور ڈائریکٹر ہیومن ریسورس کو نوٹسز جاری کر کے جواب  جمع کرانے کی ہدایت کی ہے ۔ عدالت نے سول ایوی ایشن اتھارٹی اور سی اے اے بورڈ کو پینشنرز کے خلاف کارروائی سے بھی روک دیاہے ، یاد رہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے سابق سینئر ایڈیشنل ڈائریکٹر شاہد وسیم سمیت 20 ملازمین نے عدالت عالیہ سے رجوع کیا تھا درخواست گزاروں کی جانب سے افنان کریم کنڈی اور عبید الرحمان عباسی ایڈووکیٹ نے عدالت میں پیش ہوکرابتدائی دلائل دیئے جس پر عدالت نے درخواست سماعت کیلئے  منظور کرتے ہوئے نوٹس جاری کئے ہیں ۔، عدالت میں دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ پٹیشنرز سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ریٹائرڈ ملازمین ہیں جنہوں نے دو دہائیوں سے زیادہ خدمات انجام دیں، تین سو سے زائد ریٹائرڈ ملازمین کو سپیشل ہاؤس بلڈنگ گرانٹ کے پینشنری بینیفٹ سے محروم کیا گیاہے جبکہ دیگرچار سو سے زائد ریٹائرڈ ملازمین کو یہ سہولیات فراہم کی گئیں، پٹیشنرز کے ساتھ امتیازی سلوک کیا گیا، درخواست  میں استدعا کی گئی ہے کہ پٹیشنرز کو سپیشل ہاؤس بلڈنگ گرانٹ اور چھٹیوں کے عوض رقم کی سہولت سے بھی محروم کیا گیاہے اس لئے عدالت ان ملازمین کو یہ مراعات دینے کا حکم جاری کرے۔