لاہور (ویب نیوز)

لاہور کی انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ ،پولیس پرتشدد کے الزام میں پی ٹی آئی رہنمائوں کے وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے۔ لاہور کی انسداد دہشتگردی کی عدالت نے پی ٹی آئی کے  رہنمائوں شفقت محمود ،حماد اظہراور ڈاکٹر یاسمین راشد کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے۔پی ٹی آئی کے دیگررہنمائوں ندیم بارا، میاں محمود الرشید  اور اعجاز چوہدری،عندلیب عباس ، میاں اسلم اقبال ، اکرام عثمان  ،حسان نیازی، زبیر نیازی،جمشید اقبال چیمہ اورمسرت جمشید چیمہسمیت دیگر کے بھی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کئے گئے ۔پی ٹی آئی کے رہنمائوں کے وارنٹ گرفتاری لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ کے الزامات پرجاری کئے گئے ہیں۔ عدالت نے وارنٹ گرفتاری تھانہ شاہدرہ پولیس کی درخواست پرجاری کئے۔پولیس نے پی ٹی آئی رہنمائوں کی گرفتاری کے لئے عدالت میں درخواست دی تھی۔

انسداد دہشت گردی عدالت نے تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ ،سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اورپولیس پر تشدد کرنے کے کیس میں تحریک انصاف کی ڈاکٹر یاسمین راشد ، شفقت محمود اور اسلم اقبال سمیت14 رہنمائوں کی عبوری ضمانتیں 17 جون تک منظور کر لیں۔ انسداد دہشت گردی عدالت کی جج عبہر گل خان نے ضمانتوں پر سماعت کی ،سماعت کے دوران ملزمان کے وکیل برہان معظم ملک نے عدالت میں دلائل دیے، ملزمان پی ٹی آئی رہنما جمشید اقبال چیمہ ، حماد اظہر ،ڈاکٹر یاسمین راشد ، شفقت محمود نے عبوری ضمانتیں دائر کیں۔ پی ٹی آئی رہنما اعجاز چوہدری ، میاں محمود الرشید ،میاں اسلم اقبال ، زبیر نیازی ،ندیم عباس بارا سمیت 14 رہنمائوں نے ضمانتیں دائر کیں۔پی ٹی آئی رہنمائوں نے تھانہ شاہدرہ اور گلبرگ میں درج مقدمہ میں ضمانتیں دائر کیں۔