کپواڑہ میں دو کشمیری نوجوان شہید
مژھل سیکٹر کے علاقے ٹیکری ناڑ میں شہید ہوئے

راجستھان میں  دو  کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کرلیا گیا
جمیل اقبال اور معروف حسین پر  مدرسے کے لئے چندہ جمع کرنے کا الزام

سری نگر(کے پی آئی) بھارتی فوج نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں اتوار کو ضلع کپواڑہ میں دو نوجوانوں کو شہید کردیا ۔ فوجی اہلکاروں نے نوجوانوں کو کنٹرول لائن کے نزدیک مژھل سیکٹر کے علاقے ٹیکری ناڑ میں محاصرے اورتلاشی کی ایک پرتشدد کارروائی کے دوران شہید کیا۔ پولیس نے دعوی کیا ہے کہ شہید ہونے والے نوجوان عسکریت پسند تھے جو بھارتی فورسز کے ساتھ ایک جھڑپ میں مارے گئے۔
بھارتی ریاست راجستھان میں پولیس نے مقبوضہ جموں وکشمیر کے ضلع پونچھ سے تعلق رکھنے والے دو نوجوانوں کو گرفتار کرلیاہے۔ نوجوانوں کو ضلع جیسلمیر میں گرفتارکیاگیا۔ ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق نوجوانوں کی شناخت جمیل اقبال اور معروف حسین کے ناموں سے ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق انہیںبغیر اجازت ممنوعہ علاقے میں چندہ جمع کرنے پر گرفتار کیا گیاہے۔یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ نہیں ہے جس میں کشمیری نوجوانوں کو گرفتارکیاگیا ہے۔ گزشتہ سال اگست میں بھی راجستھان پولیس نے پونچھ کے دو نوجوانوں کو اس وقت گرفتارکیاتھا جب وہ ضلع جیسلمیر کے ایک گائوں راما میں مدرسے کے لئے چندہ جمع کر رہے تھے۔