اسرائیل کی ریاستی دہشت گردی میں مزید شدت،جنوبی غزہ پر بھی بمباری، صیہونی فورسز اور حماس میں جھڑپیں، درجنوں فلسطینی شہید و زخمی

اسرائیلی فورسز نے شمالی غزہ میں 2ایمبولینسوں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 3شہری زخمی ہوگئے،فلسطینی ہلال احمر

غزہ کی پٹی میں اسرائیلی حملے سے اردن کا شہری جاں بحق اور اس کا بھائی شدید زخمی ہوا ،ردن کی وزارت خارجہ کی بھی تصدیق

اسرائیل نے مغربی کنارے سمیت جینن، سلواد، جفنا، جلازوم، قلقلیہ اور ہبرون میں چھاپے مارے اور متعدد فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا

اسرائیلی آرمی چیف کی جنوبی غزہ میں شدت سے حملوں کی تصدیق ، اسرائیل نے ان حملوں میں فضائیہ کی مدد لینے کا بھی اعلان کیا

غزہ( ویب  نیوز)

اسرائیل نے نہتے فلسطینیوں کے خلاف ریاستی دہشت گردی میں مزید شدت لاتے ہوئے شمالی غزہ کے بعد پیر کو علی الصبح جنوبی غزہ پر بھی شدید بمباری کی،خان یونس اور رفح میں شدید بمباری اور شیلنگ کے نتیجے میں متعدد فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے،فلسطینی ہلال احمر نے کہا ہے کہ اسرائیلی فورسز نے شمالی غزہ میں 2ایمبولینسوں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 3شہری زخمی ہوگئے، غزہ کی پٹی میں اسرائیلی حملے سے اردن کا شہری جاں بحق ہوگیا ،اسرائیل نے مغربی کنارے سمیت جینن، سلواد، جفنا، جلازوم، قلقلیہ اور ہبرون میں چھاپے مارے اور متعدد فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا ہے،غزہ میں اسرائیلی فورسز اور حماس کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں، اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ غزہ کے جنوب میں پناہ گزینوں سے بھرے علاقے میں ایک منصوبہ بند زمینی کارروائی شروع ہوگئی ہے۔شمالی غزہ میں 16 ہزار سے زائد فلسطینی شہریوں کی جان لینے کے بعد اسرائیل نے زمینی کارروائی پورے غزہ تک بڑھادی۔اسرائیلی آرمی چیف نے جنوبی غزہ میں شدت سے حملوں کی تصدیق کی اور اسرائیل نے ان حملوں میں فضائیہ کی مدد لینے کا بھی اعلان کیا ہے۔فلسطینی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل نے مغربی کنارے سمیت جینن، سلواد، جفنا، جلازوم، قلقلیا اور ہبرون میں چھاپے مارے اور متعدد فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا۔اس کے علاوہ اسرائیلی فوج نے غزہ میں لڑائی کے دوران اپنے تین فوجیوں کی ہلاکت کی بھی تصدیق کی ہے۔دوسری جانب غزہ کی پٹی میں اسرائیلی حملے سے اردن کا شہری جاں بحق ہوگیا جس کی تصدیق اردن کی وزارت خارجہ کی جانب سے بھی کی گئی ہے۔اردن کی وزارت خارجہ کے مطابق غزہ کی پٹی میں اسرائیلی حملے میں اردن کا ایک شہری جاں بحق اور اس کا بھائی شدید زخمی ہوا جسے ہسپتال منتقل کیا گیا تو ڈاکٹرز نے اس کے کومہ میں ہونے یکی تصدیق کی ہے۔ فلسطینی ہلال احمر نے کہا ہے کہ اسرائیلی فورسز نے شمالی غزہ میں 2ایمبولینسوں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 3شہری زخمی ہوگئے۔سوشل میڈیا پر جاری بیان میں امدادی سوسائٹی نے کہا کہ اسرائیلی فورسز نے شمالی غزہ کے علاقے فلوجہ میں دو ایمبولینسوں پر فائرنگ کی جس سے فلسطینی ہلال احمر کے طبی عملے کے دو ارکان اور ان کے ہمراہ موجود ایک زخمی شخص مزید زخمی ہو گیا۔غزہ میں اسرائیلی فورسز اور حماس کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں، اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ غزہ کے جنوب میں پناہ گزینوں سے بھرے علاقے میں ایک منصوبہ بند زمینی کارروائی شروع ہوگئی ہے، اسرائیلی بمباری میں درجنوں فلسطینی جاں بحق اور زخمی ہوچکے ہیں۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حماس نے کہا کہ جنوبی شہر خان یونس سے تقریبا 2کلومیٹر کے فاصلے پر اس کے جنگجوؤں کی اسرائیلی فوج کے ساتھ جھڑپ ہوئی۔رہائشیوں کا کہنا ہے کہ انہیں ٹینک کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں اور خدشہ ہے کہ اسرائیل کی جانب سے ایک نیا زمینی حملہ کیا جا رہا ہے۔اسرائیلی فوج نے اس سے قبل لوگوں کو شہر کے اندر اور اس کے آس پاس کے کچھ علاقوں کو خالی کرنے کا حکم دیا تھا لیکن جنوبی علاقے میں کسی نئے زمینی حملے کا کوئی اعلان نہیں کیا تھا۔ترجمان ریئر ایڈمرل ڈینیل ہگاری نے مقبوضہ بیت المقدس میں صحافیوں کو بتایا کہ اسرائیل ڈیفنس فورسز(آئی ڈی ایف)غزہ میں حماس کے مراکز کے خلاف اپنی زمینی کارروائی آگے بڑھا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فورسز دہشت گردوں سے آمنا سامنا کر رہی ہیں اور انہیں مار رہی ہیں۔ادھر غزہ کے شمال میں واقع جبالیہ پناہ گزین کیمپ ان مقامات میں شامل ہے جن کو اسرائیلی فورسز نے فضا سے بمباری کا نشانہ بنایا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق غزہ کی وزارت صحت کے ترجمان نے بتایا کہ اسرائیل کے فضائی حملے میں متعدد فلسطینی شہید ہوگئے۔فوٹیج میں ایک لڑکے کو مٹی میں اٹے ہوئے دکھایا گیا، جو منہدم عمارتوں کے ملبے کے درمیان بیٹھا رو رہا تھا، اس نے روتے ہوئے بتایا کہ میرے والد کو شہید کر دیا گیا ہے۔علاقہ مکینوں نے بتایا کہ جنگی طیاروں سے بمباری غزہ کے جنوب میں واقع خان یونس اور رفح پر بھی کی گئی، ہسپتال میں زخمیوں کی بے تحاشہ تعداد موجود ہے جن کو طبی امداد فراہم کرنے کے میں مشکلات درپیش ہیں۔