نیپرا نے ستمبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میںبجلی سستی کرنے کی درخواست پر سماعت کی ،کراچی کے شہریوں کو 8ارب روپے کا ریلیف ملے گا

کے الیکٹرک نے ستمبر کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 4روپے 62پیسے فی یونٹ بجلی سستی کرنے کی درخواست کی تھی

اسلام آباد (ویب نیوز)

نیشنل الیکٹرل پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ستمبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کے الیکٹرک کے صارفین کے لئے بجلی 4روپے 70پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی منظوری دے دی۔ بجلی سستی کا ریلیف آئندہ ماہ کے بلوں میں صارفین کو ملے گا۔ کے الیکٹرک نے ستمبر کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 4روپے 62پیسے فی یونٹ بجلی سستی کرنے کی درخواست کی تھی۔ نیپرا نے منگل کے روز درخواست پر سماعت کرتے ہوئے بجلی 4روپے 70پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی منظوری دے دی۔نیپراجانچ پڑتال کے بعد تفصیلی فیصلہ اور نوٹیفکیشن بعد میں جاری کرے گا۔ بجلی کی قیمت میں کمی سے کراچی کے شہریوں کو تقریباً 8ارب روپے کا ریلیف ملے گا۔ دوران سماعت کے الیکٹرک حکام نے کہا کہ ستمبر میں ایل این جی کے سپاٹ کارگوز نہیں خریدے گئے ، مقامی طور پر گیس ملی جس کا مثبت اثر پڑا ۔ چیئرمین نیپراکا کہنا تھا کہ ستمبر میں کے الیکٹرک نے اپنے ذرائع سے مہنگی بجلی کیوں پیدا کی؟کے الیکٹرک نے اپنے ذرائع سے تین گنا مہنگی بجلی پیدا کی ہے۔ چیئرمین نیپرا کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک نے اپنے ذرائع سے 37روپے 74پیسے فی یونٹ بجلی پیدا کی اور کے الیکٹرک نے بیرونی ذرائع سے 13روپے12پیسے فی یونٹ بجلی خریدی۔ اس پر کے الیکٹرک حکام کا کہنا تھا کہ ایندھن کی قیمتوں میں فرق سے مہنگی بجلی پیدا کی گئی تاہم ستمبر میں ایل این جی کے سپاٹ کارگوز نہیں خریدے گئے اور مقامی گیس پر بجلی کی پیداوار پر انحصار کیا گیا۔