اسلام آباد (ویب نیوز)

انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس نے ٹیسٹ میچ فیس پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے عطیہ کرنے کا اعلان کر دیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے پیغام میں انگلش کپتان بین اسٹوکس نے کہا کہ ٹیسٹ سیریز کی اپنی میچ فیس پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے عطیہ کر رہا ہوں۔ تاریخی سیریز کے سلسلے میں پہلی مرتبہ پاکستان آ کر بہت اچھا لگ رہا ہے، 17 سال بعد پاکستان میں ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ ہونے پر بہت پرجوش ہوں۔بین اسٹوکس کا کہنا ہے کہ پاکستان میں تباہ کن سیلاب کو دیکھ کر بہت دکھ ہوا، سیلاب کے ملک اور عوام پر خاصے اثرات مرتب ہوئے۔انگلش کپتان نے کہا کہ کھیل نے زندگی میں مجھے بہت کچھ دیا ہے، سمجھتا ہوں کہ کرکٹ سے بالاتر ہو کر کچھ واپس دوں۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس ٹیسٹ سیریز سے اپنی میچ فیس پاکستان کے سیلاب متاثرین کو عطیہ کروں گا، امید ہے کہ یہ عطیہ سیلاب سے سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو میں مدد کرے گا۔