اسلام آباد (ویب نیوز)

توشہ خانہ ریفرنس میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف فوجداری کارروائی کی الیکشن کمیشن آف پاکستان کی شکائیت پربڑی پیش رفت ہوئی ،عمران خان کے خلاف فوجداری کارروائی کی درخواست قابل سماعت قراردیتے ہوئے اسلام آبادکے ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے عمران خان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 9جنوری کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔ عدالت نے عمران خان کو باقاعدہ نوٹس جاری کردیاہے۔اب عمران خان کے خلاف باقاعدہ فوجداری ٹرائل کاآغاز کیا جائے گا۔عدالت نے الیکشن کمیشن کی جانب دائر درخواست کے قابل سماعت ہونے یا ہونے کے حوالہ سے فیصلہ محفوظ کیا تھا جو جمعرات کے روز سنایا گیا۔ الیکشن کمیشن نے عمران خان کے خلاف فوجداری کارروائی کی شکایت دائر کر رکھی ہے توشہ خانہ ریفرنس فیصلے میں الیکشن کمیشن نے فوجداری کارروائی کا معاملہ سیشن کورٹ کو بھیجا تھا۔عدالت میں اب تک تین سماعتیں ہوئی ہیں جن میں پہلی سماعت پر ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر وقاص ملک نے اپنا بیان ریکارڈ کروایا تھا اس کے بعد ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس الیکشن کمیشن مصدق انور نے اپنا بیان ریکارڈ کروایا اور عمران خان کے کاغذات نامزدگی کا مکمل ریکارڈ پیش کیا تھا۔ جبکہ گزشتہ سماعت پر الیکشن کمیشن کے وکیل نے دلائل دیئے جس کے بعد عدالت نے کیس کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے کے حوالہ سے فیصلہ محفوظ کیا تھا۔