صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدکاعلامہ اقبال میڈیکل کالج کے18ویں کانووکیشن کے شرکاء سے خطاب

لاہور (ویب نیوز)

وزیر صحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشدنے علامہ اقبال میڈیکل کالج کے18ویں کانووکیشن میں بطورمہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسرڈاکٹرندیم حفیظ بٹ،وائس چانسلریونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسزپروفیسرڈاکٹراحسن وحیدراٹھور،وائس چانسلر کنگ ایڈورڈمیڈیکل یونیورسٹی پروفیسرڈاکٹرمحمودایاز،وائس چانسلریونیورسٹی آف چائلڈہیلتھ سائنسز پروفیسرڈاکٹرمسعودصادق، پرنسپل امیرالدین میڈیکل کالج پروفیسرڈاکٹرسردارظفرالفرید،پرنسپل سروسزانسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسزپروفیسرڈاکٹرفاروق افضل،ایم ایس جناح ہسپتال ڈاکٹرامجد،فیکلٹی ممبران اور طلبا ء طالبات سمیت والدین کی کثیرتعدادنے شرکت کی۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے کانووکیشن کے شرکاء سے اپنے خطاب میں کہاکہ ڈاکٹرپیسے کمانے نہیں بلکہ خدمت انسانیت کے جذبے سے بنناچاہئے۔ڈاکٹری ایک پیغمبرانہ پیشہ ہے۔اللہ پاک نے بندے کو رزق عطا کرنے کاوعدہ فرمایاہے۔ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ ایک ڈاکٹرمیں خدمت انسانیت کا جذبہ ہوناانتہائی اہم ہے۔پاکستان میں تقریباً تین لاکھ ڈاکٹرزخدمت خلق کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہمارے زمانے میں ہسپتال میں مسلسل ڈیوٹی کرنی ہوتی تھی۔ہمارے بچوں کو ڈاکٹری پیشہ میں لازمی آناچاہئے۔ڈاکٹری پیشہ کوحقوق دلوانے کیلئے ہمیشہ جدوجہدکی ہے۔ڈاکٹروہی بنتاہے جس میں خدمت انسانیت کاجذبہ ہو۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ پاکستان سے تعلیم حاصل کرنے والے ڈاکٹرزپوری دنیامیں نام روشن کررہے ہیں۔پنجاب کی میڈیکل یونیورسٹیزمیں معیاری تعلیم فراہم کررہے ہیں۔بلا شبہ اساتذہ بچوں پربہت محنت کرتے ہیں۔ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ ایک ڈاکٹرکااخلاق بہت اچھاہوناچاہئے۔لوگ ایک ڈاکٹرکوبڑی عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔مریض ایک ڈاکٹرکوکہتاہے کہ اوپراللہ اور نیچے آپ ہیں۔ایک ڈاکٹرکو حضرت عیسیٰ  سے تشبیہ دی جاتی ہے۔صوبائی وزیرصحت ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ ایک مسیحاپرلوگوں کی خدمت کرنے کی بھاری ذمہ داری ہوتی ہے۔آخرت میں ایک ڈاکٹرسے پوچھاجائے گا کہ ایک مجبور مریض کی خدمت کی یانہیں۔ہم سے آخرت میں ہرچیزکاحساب لیاجائے گا۔ڈاکٹرکی خوش اخلاقی سے مریض کا آدھامرض ختم ہوجاتاہے۔اللہ پاک ہر روز ایک ڈاکٹرکو مریض کی خدمت کا موقع فراہم کرتاہے۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے مزیدکہاکہ ڈاکٹرز ”جس نے ایک انسان کی جان بچائی گویاساری انسانیت کی جان بچائی”کے جذبے کے تحت خدمت خلق کریں۔علامہ اقبال میڈیکل کالج کی فیکلٹی انتہائی شاندارہے۔کانووکیشن کا دن ایک گریجوایٹ کی زندگی میں بہت اہم ہوتاہے۔پنجاب کی میڈیکل یونیورسٹیزاور کالجزمیں ریسرچ پر خاص توجہ دی جارہی ہے۔صوبائی وزیرصحت نے کہاکہ کامیاب طلبا وطالبات کے والدین اور اساتذہ مبارکبادکے مستحق ہیں۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا وطالبات میں گولڈو سلورمیڈلزاور کیش انعام تقسیم کئے۔صوبائی وزیر نے شاندارکانووکیشن منعقدکروانے پر علامہ اقبال میڈیکل کالج کی انتظامیہ کو مبارکباد دی۔پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسرڈاکٹرندیم حفیظ بٹ نے کہاکہ علامہ اقبال میڈیکل کالج میں طلبا ء طالبات کو بہترین تعلیمی ماحول فراہم کررہے ہیں۔پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسرڈاکٹرندیم حفیظ بٹ نے علامہ اقبال میڈیکل کالج کے18ویں کانووکیشن میں آمدپرصوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدکا شکریہ ادا کیا۔پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج نے کامیاب ہونے والے تمام گریجوایٹس اور ان کے والدین و اساتذہ کومبارکبادی۔