آئندہ سال 2023 میں 38 عام تعطیلات اور اختیاری چھٹیاں ہوں گی،کابینہ ڈویژن

16 عام تعطیلات اور 22 اختیاری چھٹیاں ہوں گی، عام تعطیلات میں سے 2 اتوار کے روز ہوں گی، تفصیلات جاری

اسلام آباد (ویب نیوز)

آئندہ سال 2023 میں38عام تعطیلات اور اختیاری چھٹیاں ہوں گی ،جن میں 16 عام تعطیلات اور 22 اختیاری چھٹیاں ہوں گی،کابینہ ڈویژن نے تفصیلات جاری کر دیں ۔کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق 5 فروری 2023 کو یوم کشمیر،23 مارچ 2023 کو یوم پاکستان،یکم مئی 2023 کو یوم مزدور کی عام تعطیل ہوگی،جبکہ 22 سے 24 اپریل 2023 عیدالفطر کی 3 ،29 اور 30 جون اور یکم جولائی 2023 کو عیدالاضحی کی 3 جبکہ27 اور28 جولائی 2023 کو عاشورہ محرم کی چھٹیاں ہوں گی،اس طرح 14 اگست 2023 کو یوم آزادی ،28 ستمبر2023 کو عیدمیلاد النبی ۖ کی عام تعطیل ہو گی،9نومبر 2023 کو یوم اقبال کی چھٹی ہو گی، 25 دسمبر2023 کو یوم قائداعظم اور کرسمس جبکہ26 دسمبر 2023 کو مسیحی ملازمین کے لیے کرسمس کے بعد کی عام تعطیل ہو گی۔کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سال 2023 کے لیے اسلامی چھٹیاں متوقع تاریخ کے حساب سے طے کی گئی ہیں، چاند کی رویت کے حساب سے چھٹیوں کا الگ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔ اعلامیے کے مطابق سال 2023 میں 16 عام تعطیلات میں سے 2 اتوار کے روز ہوں گی، 2 جنوری، 22 مارچ اور 3 جولائی کو بینکوں کی چھٹی ہو گی، مسلم حکومتی ملازمین کو سال میں ایک سے زیادہ آپشنل چھٹی نہیں ملے گی جبکہ غیر مسلم حکومتی ملازمین کو سال میں 3 سے زائد آپشنل چھٹیاں نہیں ملیں گی۔