تحریک انصاف کا ملکی معاشی صورتحال پر وائٹ پیپر جاری کرنے کا اعلان

پنجاب اسمبلی میں 11 جنوری سے پہلے اعتماد کا ووٹ حاصل کر لیں گے، مارچ، اپریل میں انتخابات ہوں گے،فواد چوہدری

الیکشن کرانے کے لیے اداروں اور سیاسی قوتوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، پی ٹی آئی رہنما کی میڈیا سے گفتگو

لاہور( ویب  نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے معاشی صورتحال پر وائٹ پیپر جاری کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ  پنجاب اسمبلی میں 11 جنوری سے پہلے اعتماد کا ووٹ حاصل کر لیں گے، مارچ، اپریل میں انتخابات ہوں گے۔میڈیا سے گفتگو میں فواد چودھری کا کہنا تھا کہ 8 مہینے میں ملک کی معیشت تباہ ہو گئی، ادارے ملکی صورتحال دیکھتے ہوئے ذمہ دارانہ کردار ادا کریں، 8 ماہ پہلے پاکستان سیاحت اور آج دہشت گردی کی وجہ سے پہچانا جا رہا ہے۔ سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ آپریشن رجیم چینج کی وجہ سے یہ حالات پیدا ہوئے ہیں، ان کو نظر آ رہا ہے یہ الیکشن نہیں جیت سکتے، اس لئے نہیں کرائیں گے، پاکستان میں الیکشن کرانے کے لیے اداروں اور سیاسی قوتوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ فواد چودھری نے کہا کہ ہماری حکومت نے 55 لاکھ نوکریاں پیدا کی تھیں، آج فیصل آباد میں نوکریاں ختم ہو رہی ہیں، اس حکومت نے صرف ٹیکسٹائل سیکٹر میں 15 لاکھ نوکریاں ختم کی ہیں، ملک میں دہشت گردی کی بلا واپس آ رہی ہے، گزشتہ روز بلوچستان میں 8 دھماکے ہوئے۔ رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ اگر پاکستان آئی ایم ایف پروگرام میں نہ گیا تو ڈیفالٹ ہو جائے گا اور اگر آئی ایم ایف کی شرائط مانیں گے تو ڈالر کی قیمت میں بہت زیادہ اضافہ ہو گا، آج آٹے کی قیمت دوگنا ہو چکی ہے، بجلی، کچن آئٹمز غریبوں کی پہنچ سے دور ہو چکی ہیں، ہم نے ورکنگ گروپ بنائے ہیں، اکانومی، انسانی حقوق کے حوالے سے وائٹ پیپر بھی جاری کریں گے۔فواد چودھری نے بتایا کہ آج پنجاب کی سینئر لیڈرشپ کے ساتھ میٹنگ ہوئی، پی ٹی آئی کی صوبائی پارلیمانی میٹنگ کا شیڈول طے ہو گیا ہے، 187 ممبران اس میٹنگ میں شریک ہوں گے، 11 جنوری سے بہت پہلے ہم اعتماد کا ووٹ حاصل کر لیں گے، مارچ، اپریل انتخابات کے مہینے ہوں گے۔