اسمبلی کی تحلیل، عمران خان نے خیبرپختونخوا کی پارٹی قیادت کو آج(جمعہ کو) طلب کر لیا

وزیر اعلی محمود خان دو دن بعد اسمبلی کی تحلیل کی سمری گورنر کو بھیجیں گے، ترجمان بیرسٹر علی سیف

لاہور/ پشاور( ویب  نیوز)

خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل کرنے کے معاملے پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کے پی کے کی پارٹی قیادت کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔ ہنگامی اجلاس آج بروز جمعہ کو سابق وزیر اعظم عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک میں ہو گا، اجلاس میں وزیر اعلی خیبرپختونخوا محمود احمد خان کابینہ ارکان کے ساتھ خصوصی طور پر شریک ہوں گے۔ تحریک انصاف کی دیگر لیڈر شپ بھی   عمران خان سے ملاقات کرے گی، اجلاس میں کے پی اسمبلی تحلیل کے روڈ میپ پر بات ہوگی، امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کے پی اسمبلی بھی ہفتے تک تحلیل ہو جائے۔دوسری جانب خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان بیرسٹر علی سیف نے کہا ہے کہ وزیر اعلی محمود خان دو دن بعد اسمبلی کی تحلیل کی سمری گورنر کو بھیجیں گے۔ترجمان صوبائی حکومت بیرسٹر علی سیف نے کہا کہ خیبرپختونخوا اسمبلی کی تحلیل کیلئے ایڈوائز آج گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی کو نہیں بھیجی جائے گی۔واضح رہے خیبر پختونخوا اسمبلی کی تحلیل فوری طور پر ممکن نہیں وہاں اپوزیشن کی جانب سے ریکوزیشن جمع کی گئی ہے، ریکوزیشن پر 42 ارکان اسمبلی کے دستخط موجود ہیں۔سیکرٹری اسمبلی نے مزید کہا کہ آئندہ ہفتے میں اسمبلی اجلاس طلب کیا جانا متوقع ہے، آئینی ماہرین کا بھی کہنا ہے کہ ریکوزیشن جمع ہونے کے بعد اسمبلی تحلیل نہیں کی جاسکتی۔