پرویز الہی کا ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان

  ہم عمران خان کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں اور آئندہ بھی کھڑے رہیں گے، پرویز الہی

پرویز الہی کو پاکستان تحریک انصاف کا صدر بنایا جائے گا جس کی سینئر قیادت نے پارٹی آئین کے مطابق منظوری دے دی،فواد چوہدری

ہم عمران خان کی قیادت میں اس پاکستان کی طرف بڑھیں گے،نیا پاکستان کا خواب پورا کر کے دکھائیں گے،میڈیا سے گفتگو

لاہور(ویب  نیوز)

    پرویز الہی نے اپنے تمام ساتھیوں کے ساتھ پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کردیا۔پاکستان تحریک انصاف میں مسلم لیگ ق کو ضم کرنے کے معاملے پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور سابق وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویز الہی کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں عمران خان اور چودھری پرویز الہی میں مشترکہ سیاسی صف بندی کے حوالے سے حتمی بات چیت کی گئی۔ملاقات کے بعد پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز الہی نے کہاکہ  ہم عمران خان کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں اور آئندہ بھی کھڑے رہیں گے، عمران خان کی قیادت پر مکمل اعتماد ہے اور ہم شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ہمیں موقع بھی فراہم کیا۔پرویز الہی نے کہا کہ ہمارا اور ساتھیوں کا عمران خان کے ساتھ ہمیشہ رہے گا، ہم ہر وہ کام کریں گے جس سے ملک اور پنجاب کا فائدہ ہوگا، کبھی کوئی ایسا کام نہیں کریں گے جس سے ہماری پارٹی پی ٹی آئی کو نقصان پہنچے۔ایک سوال کے جواب میں پرویز الہی نے کہا کہ اگر کوئی سمجھتا ہے کہ اشارے کی وجہ سے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی تو یہ اچھی خبر ہے، میری کوشش ہے کہ سب کو ساتھ لے کر چلوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے مرکزی صدر کا عہدہ دینے کی بات کی ہے اس پر جلد کام مکمل کرلیا جائے گا۔پرویز الہی نے کہا کہ ہم نے تیزی کے ساتھ پنجاب میں ترقیاتی کاموں کو مکمل کیا، اللہ نے دوبارہ موقع دیا تو عوام کی خدمت جاری رکھیں گے، ہر وہ کام کریں گے جس سے ملک کو فائدہ ہو گا۔سابق وزیر اعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے ملکی معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا ہے، شہباز شریف نے کوئی ایسا کام نہیں کیا جس سے غریب کو فائدہ ہو۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنماء فواد چودھری نے کہا کہ پرویز الہی کی عمران خان سے ملاقات ہوئی، پرویز الہی اپنے ایم پی ایز کے ساتھ پی ٹی آئی میں آگئے، آج سے پرویزالہی باضابطہ طور پر پی ٹی آئی میں شامل ہوں گے، پرویز الہی کو تحریک انصاف میں خوش آمدید کہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پرویز الہی کو پاکستان تحریک انصاف کا صدر بنایا جائے گا جس کی سینئر قیادت نے پارٹی آئین کے مطابق منظوری دے دی۔ انہوں نے کہا کہ پرویز الہی اور ان کے ساتھی بشمول اراکین ہمیشہ عمران خان کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہوئے ہیں، جس کی انہیں قیمت بھی ادا کرنا پڑی۔فواد چوہدری نے پرویز الہی اور ان کے ساتھیوں کو پارٹی میں شمولیت پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ہم عمران خان کی قیادت میں اس پاکستان کی طرف بڑھیں گے اور نیا پاکستان کا خواب پورا کر کے دکھائیں گے۔قبل ازیں پرویز الہی کی زمان پارک میں ساتھیوں کے ساتھ عمران خان سے ملاقات ہوئی جس میں پی ٹی آئی کے جنرل سیکریٹری اسد عمر سمیت دیگر تحریک انصاف کے رہنما بھی شریک تھے۔ اجلاس میں مشترکہ سیاسی صف بندی کے حوالے سے حتمی بات چیت بھی ہوئی۔ملاقات میں مسلم لیگ ق کے 10 سابق اراکین پنجاب اسمبلی اور سینئر رہنما بھی شریک ہوئے جبکہ سابق ارکان اسمبلی حافظ عمار یاسر، شجاعت نواز، عبداللہ یوسف وڑائچ، با رضوان، ساجد بھٹی، احسان الحق، محمد افضل، باسمہ چوہدری اور خدیجہ عمر فاروقی بھی شریک ہوئے۔علاوہ ازیں موسی الہی، چوہدری مقصود سلہریا، خرم منور منج اور حاجی عمر حبیب بھی ملاقات میں شامل تھے ،واضح رہے کہ اس سے قبل ق لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم چودھری شجاعت نے چودھری پرویزالہی کو پارٹی عہدے سے برخاست کیا تھا، اعلامیے کے مطابق پرویز الہی کی پارٹی رکنیت ختم کی گئی اور انہیں آئندہ پارٹی کا نام استعمال کرنے سے روک دیا گیا ۔