اسلام آباد (ویب نیوز)

سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ مسلسل 6 ہفتوں سے کسی بھی بینچ کا حصہ نہیں اور وہ آئندہ ہفتے بھی چیمبر ورک کریں گے۔عدالت عظمی نے 22 مئی سے شروع ہونے والے عدالتی ہفتے کا ججز روسٹر جاری کر دیا، جس کے مطابق سپریم کورٹ میں آئندہ ہفتے 7 بینچز مقدمات کی سماعت   کریں گے جبکہ جسٹس قاضی فائز عیسی آئندہ ہفتے بھی چیمبر ورک کریں گے۔سپریم کورٹ کا بینچ نمبر ایک چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل ہوگا۔ بینچ نمبر 2 میں جسٹس سردار طارق مسعود، جسٹس امین الدین خان اور جسٹس محمد علی مظہر شامل ہوں گے جب کہ تیسرا بینچ جسٹس اعجازالاحسن اور جسٹس شاہد وحید پر مشتمل ہوگا۔عدالت عظمی کے آئندہ ہفتے کے روسٹر کے مطابق چوتھا بینچ جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس حسن اظہر رضوی پر مشتمل ہوگا  جبکہ پانچویں بینچ میں جسٹس منیب اختر اور جسٹس جمال مندوخیل  شامل ہوں گے۔ بینچ نمبر 6 میں یحییٰ آفریدی اور جسٹس مظاہر نقوی شامل ہوں گے اور ساتواں بینچ جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل ہوگا ۔روسٹر کے مطابق دن ساڑھے 11 بجے کے بعد بینچ نمبر 2 میں جسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس امین الدین خان شامل ہوں گے۔واضح رہے کہ عدالت عظمی کے سینئر ترین جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ مسلسل چھ ہفتوں سے سپریم کورٹ کے کسی بھی بینچ کا حصہ نہیں ہیں اور وہ آئندہ ہفتے بھی چیمبر ورک کریں گے۔