لاہور ہائی کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کو خفیہ مقدمات میں گرفتار کرنے سے روکنے کا حکم واپس لے لیا

جناح ہائوس حملے سمیت6 مقدمات،چیئرمین پی ٹی آئی کی عبوری ضمانت میں 8اگست تک توسیع

 پولیس نے چیئرمین پی ٹی آئی سے تفتیش مکمل کر لی ، تفتیش میں قصور وار پائے گئے ،سپیشل پراسیکیوٹر

لاہور(ویب  نیوز)لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے جناح ہائوس پر حملے سمیت 6 مقدمات میں چیئرمین تحریک انصاف کی عبوری ضمانت میں 8 اگست تک توسیع کر دی۔انسداد دہشت گردی عدالت کی جج عبہر گل خان نے جناح ہائوس حملہ سمیت 6مقدمات کی سماعت کی، سربراہ پی ٹی آئی اپنی عبوری ضمانت کی معیاد ختم ہونے پر انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش ہوئے۔دوران سماعت سپیشل پراسیکیوٹر فرہاد علی شاہ نے کہا کہ پولیس نے چیئرمین پی ٹی آئی سے تفتیش مکمل کر لی ، سابق وزیراعظم تفتیش میں قصور وار پائے گئے ہیں۔وکلا کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی عبوری ضمانت میں 8 اگست تک توسیع کر دی اور وکلا کو دلائل کے لئے آئندہ سماعت پرطلب کر لیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی کو خفیہ مقدمات میں گرفتار کرنے سے روکنے کا حکم واپس

لاہور ہائی کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کو خفیہ مقدمات میں گرفتار کرنے سے روکنے کا حکم واپس لے لیا۔جمعہ کو لاہور ہائی کورٹ کی جسٹس عالیہ نیلم نے چیئرمین پی ٹی آئی کے پنجاب میں کیسز یکجا کرنے اورکارروائی روکنے کی درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے وکیل رانا انتظارحسین عدالت میں پیش ہوئے اوراستدعا کی کہ سینئر وکیل دوسری عدالت میں ہیں اس لئے اس کیس کو انتظار میں رکھ لیا جائے۔ اس پر عدالت نے وکیل سے مکالمہ کرتے ئے کہا کہ ہم متعدد مرتبہ پہلے بھی مہلت دے چکے ہیں اب مزید مہلت نہیں دی جاسکتی۔ جسٹس عالیہ نیلم نے چیئرمین پی ٹی آئی کو خفیہ مقدمات میں گرفتار نہ کرنے کا حکم واپس لیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔