نئی دہلی (ویب ڈیسک)

بھارتی ریاست گجرات کے  شہر بہروچ کے ایک ہسپتال میں آگ لگنے کی وجہ سے کورونا وائرس کے 18 مریض ہلاک ہو گئے ،بھارتی خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق ہسپتال میں رات ایک بجے آگ لگی۔ آگ لگنے کے بعد مقامی لوگوں اور فائر فائٹرز کی مدد سے باقی مریضوں کو ہسپتال سے باہر نکالا گیا۔ایک پولیس افسر نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ ہفتہ کی صبح ساڑھے چھ بچے تک مرنے والوں کی تعداد 18 تھی۔ اس سے قبل صرف 12 لوگوں کی موت کی تصدیق ہو سکی تھی۔گجرات کے شہر بہروچ کے ایس پی راجندرا سین چوڈاساما نے بتایا کہ 12 لوگ دم گھٹنے سے ہلاک ہوئے۔ ان کے مطابق ابھی یہ واضح نہیں کہ باقی چھ لوگ مر گئے ہیں یا پھر انھیں کسی دوسرے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔بھارتی وزیر اعظم نریندرا مودی نے اس واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور متاثرین کے خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ بھارت میں روزانہ ہی کہیں نہ کہیں آگ لگنے کے واقعات پیش آرہے ہیں، تشویش کی بات تو یہ ہے کہ اس میں سے زیادہ تر وہ اسپتال ہیں جہاں کورونا متاثرین کو رکھا گیا ہے۔ کووڈ-19 کے ان نگہداشت مرکزوں پر آگ لگنے کے واقعات کا پیش آنا ہماری انتظامی ناکامی کو اجاگر کرتا ہے۔