مائو علیحدگی پسندوں سے جھڑپ میں 25 بھارتی فوجی ہلاک

35 زخمی ، 22 لاپتہ فوجیوں

گوریلوں نے بھارتی فوجیوں کی لاشوں کے ڈھیر لگا دئیے

نئی دہلی(صباح نیوز) بھارت کی وسطی ریاست چھتیس گڑھ  میں مائو علیحدگی پسندوں  کے ساتھ جھڑپ میں اب تک 25 بھارتی فوجی ہلاک اور 35 زخمی ہوئے جبکہ 22 لاپتہ فوجیوں  کی تلاش جاری ہے خدشہ ہے کہ وہ بھی مارے جاچکے ہیں۔ غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق بے جاپور کے لعاقے میں مائو علیحدگی پسندوں کا اجلاس جاری تھا کہ بھار تی فوج پیرا ملٹری فورسز اور پولیس کمانڈوز بھرپور حملہ کردیا لیکن وہ صرف 2جنگجوئوں کو نشانہ بناسکے جواب میں مائو گوریلوں نے بھارتی فوجیوں کی لاشوں کے ڈھیر لگا دئیے۔ زخمی اہلکاروں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے ریاست دارالحکومت کے ہسپتال منتقل کیاگیا جہاں بیشتر کی حالت تشویشناک ہے چھتیس گڑھ کے آئی جی پولیس کے مطابق یہ جھڑپ ہفتہ کے روز ہوئی تھی اور اس وقت  ہمیں 5 لاشیں موصول ہوئی تھیں لیکن گزشتہ رات اور اتوار کے روز مزید 20 لاشیں ملی ہیں جبکہ 22فوجی لاپتہ ہیں جن کی تلاش جاری ہے ۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ ہلاکتوں میں اضافہ ہوسکتا ہے  اور لاپتہ فوجی بھی مار دئیے گئے ہوں۔ چھتیس گڑھ  میں گزشتہ 2 عشروں سے جاری مائو نواز علیحدگی پسندوں کی مسلح جھڑپوں  کے دوران اب تک ساڑھے تین ہزار کے قریب افراد مارے جاچکے ہیں جن میں سے اکثریت بھارتی فوجیوں کی ہے۔ مائو علیحدگی پسندوں کا کہنا ہے کہ وہ اپنے وطن کی آزادی ، باعزت روزگار اور قبائلی عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں۔