سری نگر(صباح نیوز)

جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیان کے سگھو ہندہامہ نامی گاوں میں بھارتی فوج نے نام نہاد محاصرے اور سرچ آپریشن کے دوران مزید پانچ کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا ہے ،یہ ضلع شوپیان میں گذشتہ چار دنوں کے دوران تیسر ا فوجی آپریشن تھا جس میں پانچ نوجوانوں کو شہید کردیا گیا۔ قبل ازیں 7 اور 8 جون کو بالترتیب ربن اور پنجورہ نامی علاقوں میں نو کشمیری نوجوان شہیدہوئے تھے۔ اس طرح سے ضلع شوپیان میں گذشتہ چار دنوں کے دوران شہیدہونے والے کشمیری نوجوانوں کی تعداد14 ہوگئی ہے۔پولیس نے دعوی کیا  کہ شوپیان کے سگھو ہندہامہ میں بدھ کی علی الصبح چھڑنے والا مسلح تصادم پانچ عسکریت پسندوں کی ہلاکت پر ختم ہوگیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مہلوک عسکریت پسندوںکی شناخت معلوم کی جارہی ہے نیز مسلح تصادم کی جگہ سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرنے کا بھی دعوی کیا گیا،اس سے قبل پولیس اورسری نگر میں قائم  قابض فوج کی پندرہویں کور کے ترجمان نے تین عسکریت پسندوں کی ہلاکت کی تصدیق کی تھی تاہم بعد میں تلاشی کے دوران چھپے  عسکریت پسندوں نے ایک بار پھر گولیاں چلائیں جس کے بعد طرفین میں ہونے والی گولی باری میں مزید دو عسکریت پسند شہیدہوگئے ۔قابض فورسز نے سگھو ہندہامہ میں منگل اور بدھ کی درمیانی رات قریب پونے دو بجے کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا تھا۔ذرائع نے کہا کہ بدھ کی علی الصبح قریب ساڑھے پانچ بجے طرفین کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوا جس میں پہلے تین اور بعد میں مزید دو کشمیری نوجوان شہید ہوگئے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اس آپریشن میں شوپیان پولیس، فوج کی 44 راشٹریہ رائفلز اور سی آر پی ایف نے حصہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ جوں ہی سیکورٹی فورسز کی پارٹی سیب کے وسیع باغات میں مشتبہ جگہ کے نزدیک پہنچی تو وہاں موجود عسکریت پسندوں نے اس پر فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے درمیان مسلح تصادم چھڑ گیا۔ کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والے فائرنگ کے تبادلے میں پانچ جنگج عسکریت پسند شہید ہوئے  جن کی شناخت معلوم کی جارہی ہے۔دریں اثنا ضلع شوپیان میں موبائل انٹرنیٹ خدمات معطل کی گئی ہیں