ملک بھر میں ایک ہفتے کے دوران مہنگائی مزید بڑھ گئی

اسلام آباد(ویب  نیوز)ملک بھر میں مسلسل مہنگائی میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، ایک ہفتے کے دوران مہنگائی میں 0.52 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ادارہ شماریات کی طرف سے جاری کی گئی رپورٹ کے مطابق مہنگائی کی شرح بڑھ کر 7.48 فیصد ہوگئی، ایک ہفتے میں 18 اشیائے ضروریہ مہنگی ہو گئیں۔ مرغی 26 روپے 73 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی۔ادارہ شماریات کے مطابق مرغی کی اوسط قیمت 207 روپے 25 پیسے فی کلو ہو گئی۔ 200 گرام پیسی ہوئی مرچ کا پیکٹ 28 روپے 79 پیسے مہنگا ہوا۔ گھی کا ڈھائی کلو کا ڈبہ 24 روپے 82 پیسے مہنگا ہوا۔ دالیں، لہسن، چاول، گڑ، مٹن بھی مہنگا ہوا۔رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں 9 اشیا کی قیمتوں میں کمی ہوئی۔ ٹماٹر 19 روپے 10 پیسے سستا ہوگیا، انڈے 12 روپے 67 پیسے فی درجن سستے ہوئے۔ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق چینی اوسط ایک روپے 41 پیسے فی کلو سستی ہوئی۔ ملک میں چینی کی اوسط قیمت 90 روپے 30 پیسے فی کلو ہوگئی۔ حالیہ ہفتے آلو، ٹماٹر، ایل پی جی اور آٹا بھی سستا ہوا۔ گذشتہ ہفتے 24 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا۔