ایس سی اونے گلگت بلتستان میں اپنی ٹرپل پلے سروسز کا آغاز کر دیا
راولپنڈی (ویب نیوز )
سپیشل کمیونیکیشنز آرگنائزیشن (ایس سی او)، جو کہ آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں ٹیلی کمیونیکیشن سروسز فراہم کرنے والاسب سے بڑا ادارہ ہے، نے گلگت شہر میں اپنے صارفین کو سپر فاسٹ براڈ بینڈ اسپیڈ دینے کیلئے GPON ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے ٹرپل پلے سروسز کا آغاز کر دیا ہے۔ ایس سی او گلگت بلتستان میں پہلا ٹیلی کام آپریٹر ہے جس نے صارفین کو ایک چھتری کے نیچے ہائی کوالٹی ٹیلی فون سروس، انتہائی تیز اور قابل بھروسہ براڈ بینڈ کنیکٹویٹی اور حیرت انگیز ویڈیو کوالٹی کے ساتھ ڈیجیٹل ٹیلی ویژن پیش کیا ہے۔
اس اہم سنگ میل کا حصول ظاہر کرتا ہے کہ ایس سی او فائبر آپٹک سروسز کی بدولت بہت بڑے پوٹینشل اور امکانات کی بنا پر اپنے صارفین کیلئے ڈیجیٹائزیشن میں صف اول کا کردار جاری رکھنے کے عزم پر عمل پیرا ہے اس اقدام سے علاقے کی سماجی ترقی اور معاشی نشوونما کیلئے ایس سی او کے نصب العین کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔
اب تمام صارفین ایس سی او ویب پورٹل www.sco.gov.pk کے ذریعے یا کسی بھی ایس سی او کسٹمر کیئر سنٹر اور فرنچائز پر تشریف لا کر فائبر آپٹک پیکجز کیلئے رجسٹر ہو سکتے ہیں۔ ایس سی او فائبر آپٹک پیکجز انتہائی مستحکم اور پائیدار کنیکٹویٹی سلوشن کیساتھ آسان اور ہموار بینڈوتھ اپ گریڈ اور قابل بھروسہ ٹیکنالوجی کے ذریعے اعلیٰ بینڈ وتھ فراہم کریں گے۔
دریں اثناء ایس سی او ایک خیرمقدمی آفر پیش کر رہا ہے جس کے ذریعے صارفین لکی ڈرا میں شامل ہوں گے اور پہلے50خوش نصیب مفت ٹرپل پلے کنکشن جیتنے کا موقع حاصل کریں گے۔
اس پراجیکٹ کا باقاعدہ افتتاح وزیراعظم پاکستان نے اپنے حالیہ دورہ گلگت بلتستان کے دوران کیا تھا۔یہ سروس عنقریب آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف شہروں تک وسیع کر دی جائے گی۔