اسلام آباد (ویب ڈیسک)

احساس ایجوکیشن سی سی ٹی اسٹیئرنگ کمیٹی کی جانب سے سکینڈری تعلیم کیلئے وظاف کی منظوری دی گئی۔وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر کی زیر صدارت احساس ایجوکیشن مشروط مالی معاونت پروگرام(سی سی ٹی)کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا ۔ اسٹیئرنگ کمیٹی کو پرائمری ایجوکیشن سی سی ٹی پروگرام وسیلہ تعلیم ڈیجیٹل سے سکینڈری سطح تک بڑھانے کے حوالے سے بریف دی گئی ۔ یہ پروگرام آئندہ مالی سال کی پہلے سہ ماہی میں ملک کے تمام اضلاع میں شروع کئے جانے کیلئے تیار ہے ۔ چاروں صوبوں بشمول جی بی اور اے جے کے نمائندگان نے سکینڈری تعلیم کیلئے وظیفے کو بڑھانے کے حوالے سے اجلاس میں شرکت کی ۔ اس بات کی پوری طرح سے توثیق کی گئی کہ احساس پروگرام کے تحت سکینڈری تعلیم سی سی ٹی کے آغاز سے سکول حاضری میں اضافے، سکول نہ جانے والے بچوں بالخصوص لڑکیوں کے سکول میں اندراج سے ثانوی تعلیم کے مواقع میں تفاوت میں کمی رونما ہوگی ۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ سکینڈری ایجوکیشن سی سی ٹی غریب خاندانوں کو سکینڈری تعلیم کے حصول کیلئے درپیش مالی مشکلات پر قابو پانے میں مدد دے گی ۔ سکینڈری سطح کے سی سی ٹی پروگرام کا اہتمام احساس وظیفہ پالیسی کے مطابق کیا جارہا ہے جو لڑکوں کے نسبت لڑکیوں کیلئے زیادہ وظیفے کی رقم فراہم کرتا ہے ۔ وقت کیساتھ ساتھ تعلیمی اخراجات میں اضافہ ہوتا جارہا ہے اور 10سال کی عمر کے بچے کے اخراجات میں مزید اضافہ ہوجاتا ہے ۔ دیہی علاقوں میں پانچویں جماعت کے بعد سے بچوں میں سکول نہ جانے کا رجحان بڑھتا ہے اور شہری علاقوں میں مختلف وجوہات کی بنا پر یہ رجحان دسویں جماعت کے بعد دیکھنے میں آتا ہے ۔ سکینڈری تعلیم کے وظاف سے والدین کو اپنی بیٹیوں کو سکینڈری سکول بھیجنے اور اعلی تعلیم کے حصول کیلئے انکی مدد کے حوالے سے حوصلہ افزائی ہوگی ۔ یہ پروگرام پاکستان کے تمام 154اضلاع میں سکینڈری سکول جانے والے مستحق بچوں کو شامل کرے گا ۔ یہ کمیٹی تخفیف غربت وسماجی تحفظ ڈویژن، وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت، غیر ملکی دولت مشترکہ اور ترقیاتی دفتر، عالمی بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک، اے جے کے اور جی بی سمیت تمام صوبوں کے محکمہ تعلیم سے تعلق رکھنے والے ممبران اور وسیلہ تعلیم ڈیجیٹل آپریشنز ٹیم پر مشتمل تھی۔