یونیورسٹی آف ایجوکیشن کے آٹھویں جلسہ عطائے اسناد کے انعقاد کی ممکنہ تاریخ کا اعلان

لاہور (ویب نیوز  ) یونیورسٹی آف ایجوکیشن، لاہور کے آٹھویں کانووکیشن کے انعقاد کے سلسلہ میں تمام کمیٹیوں کے سربراہان کا ایک اہم اجلاس گزشتہ روز جامعہ کے بنک روڈ کیمپس میں منعقد ہوا، جس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا (ستارہِ امتیاز) نے کی۔ اجلاس میں طویل گفتگو کے بعد کانووکیشن کے انعقاد کی ممکنہ تاریخ 24 اگست 2021ء طے پائی۔ جامعہ کے آٹھویں جلسہ عطائے اسناد کے لئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا نے تمام کمیٹیوں کے سربراہان کو بروقت انتظامات کی تکمیل یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا (ستارہِ امتیاز) نے کہا کہ عطائے اسناد کسی بھی جامعہ اور اس کے اساتذہ و طلباء کے لئے ایک بڑے اعزاز کی بات ہے، اور کسی بھی بڑے اعزاز کو پانے کے لئے محنت بھی بڑی درکار ہوتی ہے، لہذا تمام کمیٹیاں ایک دوسرے سے بھرپور رابطے میں رہیں تاکہ کسی بھی مقام پر کوئی ابہام پیدا نہ ہو۔ اس موقع پر ڈاکٹر محمد عمر سلیم، ڈاکٹر مبشر ندیم، سہیل اشفاق بٹ، محمد زبیر اکرام ودیگر کمیٹیوں کے سربراہان موجود تھے۔