بینک آف آزاد جموں و کشمیر کی14سے زیادہ قصبہ جات پر مشتمل خوبصورت وادی”سماہنی“میں برانچ کھل گئی،بینکنگ خدمات شروع
ریاستی بینک کی برانچز کی تعداد بڑھ کر 73ہو گئی، صارفین کو ان کی دہلیز پر بینکنگ سہولیات کی فراہمی
2021میں 10نئی برانچز کھولنے کا ہدف،،ریاست کے واحد مالیاتی ادارے کا برانچ نیٹ ورک پھیل گیا
دوردراز علاقوں میں بینکنگ سہولیات کی فراہمی سے تعلیم یافتہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع دستیاب ہوں گے، صدر بینک خاور سعید
مظفر آباد( ویب نیوز )بینک آف آزاد جموں و کشمیر کی جانب سے صارفین کو ان کی دہلیز پر بینکنگ سہولیات کی فراہمی اور سال 2021میں 10نئی برانچز کھولنے کے ہدف کے تحت 14سے زیادہ قصبہ جات پر مشتمل آزاد کشمیر کی وادی ”سماہنی“ میں برانچ کھول دی گئی اور اس میں بینکنگ خدمات شروع کر دی گئی ہیں۔قلعہ باغسر اور جھیل باغسر کے لئے معروف اور ہزاروں کی آبادی پر مشتمل اس خوبصورت وادی میں بینک برانچ کے افتتاح کے موقع پر حکومتی اور کاروباری شخصیات، عوام علاقہ نے بینک آف آزاد جموں و کشمیر کی نئی برانچ میں اپنے اکاؤنٹ کھولے اور بینک کی کامیابی میں اپنا کردار ادا کرنے کا عزم ظاہر کیا۔سماہنی میں نئی برانچز کھولنے کے بعد ریاستی بینک کی برانچز کی تعداد بڑھ کر 73ہو گئی ہے۔سال 2021میں بینک کی جانب سے مزیدبرانچز کھولی جائیں گی۔اس موقع پر صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر جناب خاور سعید نے کہا کہ رواں سال بینک آف آزاد جموں وکشمیرکی 10نئی برانچز کھولنے سے ریاست کے واحد مالیاتی ادارے کا نہ صرف برانچ نیٹ ورک پھیل جائے گابلکہ آزاد ریاست کے دوردراز علاقوں میں صارفین کو بینکنگ سہولیات کی فراہمی سے تعلیم یافتہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع بھی دستیاب ہوں گے۔عوام علاقہ نے سماہنی میں کشمیر بینک کی برانچ کھولنے پر خوشی کا اظہار کیا۔ بینک برانچز نیٹ ورک میں توسیع کو بینک کی کامیابی کی جانب اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔