سی سی پی نے فوڈ پانڈا کے خلاف مبینہ بالادستی کے غلط استعمال پر انکوائری شروع کردی

اسلام آباد (ویب نیوز ) کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) نے آن لائن فوڈ ڈلیوری سروس پلیٹ فارم ، فوڈ پانڈا کے خلاف مبینہ بالادستی کے غلط استعمال اور ، آن لائن فوڈ ڈلیوری پلیٹ فارم کی مارکیٹ میں کمپٹیشن ایکٹ 2010 کے سیکشن 3 (بالادستی کا غلط استعمال) اور 4 (ممنوعہ معاہدے ) کی ممکنہ خلاف ورزی پر تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

انکوائری کمیٹی اس بات کا جائزہ لے گی کہ آیا فوڈ پانڈا کو اپریل 2019 میں تین سال کی مدت کے لئے دی گئی چھوٹ (Exemption) مارکیٹ میں کمپٹیشن کو متاثر تو نہیں کر رہی ، جیسا کہ متعدد مارکیٹ پلیئر کی جانب سے خدشات کا اظہار کیا گیا تھا ۔

سی سی پی نے فوڈ پانڈا کے خلاف انکوائری کا آغاز کمپٹیشن ایکٹ کے سیکشن 37 کے تحت آل پاکستان ریسٹورینٹ ایسوسی ایشن (10 جون 2021) اور چیتے لاجسٹک پاکستان لمیٹڈ (4 مئی 2021 ) کے ذریعے دائر شکایات پر کیا ۔ اس سے قبل ، ایک اور آن لائن فوڈ پلیٹ فارم ، کریم نیٹ ورکس پاکستان (پرائیویٹ لمیٹڈ )نے بھی فوڈ پانڈا کو 2019 میں چھوٹ دینے سے متعلق شکایت درج کروائی تھی۔

مذکورہ شکایات موصول ہونے پر ، سی سی پی کے کارٹیل اینڈ ٹریڈ ایبیوز ڈیپارٹمنٹ نے ابتدائی حقائق جاننے کے لیے تحقیق کی جس سے پتہ چلا کہ فوڈ پانڈا آن لائن فوڈ ڈلیوری پلیٹ فارمز کی مارکیٹ میں ایک بالادست پوزیشن رکھتا ہے جس کا اندازہ ایک دن میں پورے پاکستان میں 100,000 سے زائد آڈرز سے لگایا جا سکتا ہے۔ بالادست پوزیشن کے غلط استعمال کے حوالے سے خدشات میں، حد سے زیادہ کمیشن وصول کرنا ، فیڈیلیٹی ریٹ آفر کرنا ، امتیازی سلوک کرنا ، مختلف ڈسکاو ¾ نٹ کے تعین سےشر اکت داروں کا استحصال کرنا ، اور لائیلٹی ایگریمنٹ کے ذریعے مختلف پارٹیوں کے ساتھ خصوصی معاہدے کرنا شامل ہے ۔ یہ خدشات آن لائن فوڈ ڈیلیوری پلیٹ فارمز کی مارکیٹ میں نئے آنے والوں کے لئے رکاوٹ بننے کا باعث بنتے ہیں ۔

انکوائری کمیٹی پہلے ہی اس معاملے پر کام کر رہی ہے اور اس معاملے پر کاروائی مکمل کرنے کے بعد حتمی رپورٹ کمیشن کے سامنے پیش کر دے گی۔

سی سی پی کمپٹیشن ایکٹ کے تحت معیشت کے تمام شعبوں میں آزادانہ کمپٹیشن کو یقینی بنائے اور کمپٹیشن مخالف رویوں جس میں بالادستی کا غلط استعمال اور ممنوعہ معاہدے شامل ہے سے صارفین کو بچا نے کے لیے پر عزم ہے۔