اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر فواد چودھری نے دنیا کے سامنے مودی سرکار کی دہشتگرد کارروائیوں کو دنیا کے سامنے آشکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور دھماکے میں بھارت براہ راست ملوث تھا۔

اس موقع پر آئی جی پنجاب انعام غنی کا کہنا تھا کہ 23 جون کو جوہر ٹاؤن دھماکا ہوا تھا۔ جس گاڑی کے ذریعے دھماکا کیا گیا اس میں 20 کلو بارودی مواد تھا۔ اس افسوسناک دہشتگردی میں 3 افراد شہید اور 22 زخمی ہوگئے تھے۔

آئی جی پنجاب نے بتایا کہ لاہور دھماکے کے تمام ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ اس کے مرکزی ملزم پیٹر سے متعلق تمام شواہد اور ریکارڈ موجود ہے۔ دھماکے میں استعمال ہونے والی گاڑی کا بندوبست اسی پیٹر نامی ملزم نے کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ 21 جون کو افغانستان سے تعلق رکھنے والے ملزم عید گل نے پورے علاقے کی ریکی کی۔

مشیر قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے کہا کہ لاہور دھماکے کے سپانسرشپ کے تانے بانے بھارت سے ملتے ہیں۔ ہمارے پاس تمام رابطوں کے شواہد موجود ہیں۔ اس دھماکے میں ملوث مرکزی ملزم کا تعلق انڈیا کی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ سے ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان کے خلاف دہشتگردی میں ملوث ہے۔ پاکستان میں دہشتگردی کیلئے تیسرے ملک سے پیسے بھجوائے گئے تھے۔

اس موقع پر صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے ڈاکٹر معید یوسف نے کہا کہ دنیا ایسی دہشتگرد کارروائیوں پر خاموش رہے یا نہ رہے لیکن ہم انھیں بھارت کی دہشتگرد کارروائیوں کے بارے میں بتاتے رہیں گے۔ ہمارے اداروں نے دشمن کے ناپاک ارادوں کو ناکام بنایا۔