ڈیلٹا وائرس انتہائی مہلک،کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائیں:پروفیسر الفرید ظفر

شہری فیس ماسک کی پابندی، جلد ویکسی نیشن کروائیں:پرنسپل پی جی ایم آئی

لاہور  (ویب ڈیسک)

کورونا وائرس کی چوتھی لہر کے تیزی سے پھیلنے کے پیش نظر لاہور جنرل ہسپتال انتظامیہ نے احتیاطی تدابیر کے طور پر آؤٹ ڈور کے شعبے میں آنے والے لوگوں کو رش و بھیڑ سے بچانے کیلئے الگ الگ داخلی و خارجی راستے مختص کر دیے ہیں اور مریضوں کو اُن کے متعلقہ شعبے تک جانے میں رہنمائی کے لئے اہلکاروں کو ڈیوٹیاں بھی تفویض کر دی گئی ہیں جبکہ طبی معائنے کیلئے مریض ڈاکٹر کے کمرے تک جا سکے گا اورسیریس /معذورمریض کے ساتھ ایک تیماردار کو بھی جانے کی اجازت ہوگی۔ پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفرنے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام موجود ہ صورتحال کی سنجیدگی کے پیش نظر اٹھایا گیا ہے۔انہوں نے جنرل ہسپتال میں آنے والے افراد سے اپیل کی کہ وہ فیس ماسک کا استعمال ہر صورت یقینی بنائیں اور حکومت کی جانب سے مفت ویکسی نیشن کی سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے جلد از جلدازمستفید ہوں۔انہوں نے کہا کہ کورونا کی حالیہ لہر کے باوجود ایل جی ایچ میں مریضوں کا علاج معالجہ بلا تعطل جاری ہے اور ڈاکٹرز،نرسز اور پیرا میڈیکس اپنی جانوں کو خطرات میں ڈال کر پیشہ وارانہ فرائض پوری لگن اور تندہی کے ساتھ سر انجام دے رہے ہیں۔پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ مریضوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کیلئے ہسپتال انتظامیہ ماہرین کی جانب سے جاری کرد ہ کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنا رہی ہے،اب شہریوں کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ اس وبا کا مقابلہ کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ پرنسپل پی جی ایم آئی کا کہنا تھا کہ ڈیلٹا وائرس انتہائی مہلک ہے لہذا شہری حفاظتی تدابیر پر عمل کر اپنی اور دوسروں کی زندگیاں محفوظ بنائیں اور علاج معالجے کیلئے آنے والے بیمار و تیماردار ڈیوٹی پر موجود عملے سے تعاون کریں تاکہ موجودہ صورتحال سے بخوبی نمٹا جا سکے اور قیمتی جانوں کا تحفظ یقینی ہو سکے۔