ای سی پی کو کوئی غلط فہمی ہوئی ہو گی، پاکستان جائوں گا تو غلط فہمی دور کروں گا، طارق ملک کی الیکشن کمیشن کو بھیجے گئے خط کی وضاحت

واشنگٹن (ویب ڈیسک)

چیئرمین نادرا طارق ملک نے الیکشن کمیشن کو بھیجے گئے خط کی وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن ایک آئینی ادارہ ہے، ہم ان کو آرڈر نہیں کر رہے، وہ ڈانٹتے بھی ہیں تو ڈانٹ سکتے ہیں یہ ان کا حق ہے۔واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے میں پریس بریفنگ دیتے ہوئے چیئرمین نادرا طارق ملک نے کہاکہ ہم نے ای سی پی کے کہنے پر اسٹریٹجی بنائی اور پروجیکٹ پلان دیا، ای سی پی نے ہمیں زبانی گو ہیڈ دیا، اس کے بعد آئی ٹی ڈپارٹمنٹ نے اجازات مانگی۔طارق ملک نے کہا کہ تکنیکی لوگ تکنیکی بات چیت کرتے ہیں، ای سی پی کو کوئی غلط فہمی ہوئی ہو گی، پاکستان جائوں گا تو غلط فہمی دور کروں گا۔چیئرمین نادرا کا کہنا تھا کہ ہم ایک دوسرے کے ساتھ بہت تعاون کرتے رہے ہیں اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے نادرا حکام کی جانب سے لکھے گئے ایک خط کے جواب میں لکھا تھا کہ تاثر ملتا ہے کہ جیسے الیکشن کمیشن نادرا کا ماتحت ادارہ ہے۔