روپے کی قدر سے گر رہی ، مزید کمی سے مسائل پیدا ہونگے ،رزاق دائود

اندازہ ہے کہ روپے کی قدر کو اب استحکام ملے گا، پاکستان میں مہنگائی کا مسئلہ ہے

عالمی سطح پر اجناس مہنگی ہونے سے درآمدی اشیا کے ساتھ مہنگائی بھی آئی

اسلام آباد (ویب ڈیسک)

وزیرِ اعظم کے مشیرِ تجارت رزاق دائوددنے کہا ہے کہ روپے کی قدر مئی سے گر رہی ہے، مزید کمی سے مسائل پیدا ہوں گے، پاکستان میں مہنگائی کا مسئلہ ہے ۔غیر ملکی خبررساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی توجہ خطے کی تجارت پر ہے، مشرقِ وسطیٰ اور وسطی ایشیائی ممالک سے تعلقات استوار کرنے پر کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عرب امارات سے ہائوسنگ، کنسٹرکشن اور رئیل سٹیٹ میں سرمایہ کاری لانا چاہتے ہیں، وزیرِ اعظم عمران خان سرمایہ کاری میں پیش رفت کا خود جائزہ لے رہے ہیں۔مشیرِ تجارت نے کہا کہ لاہور کے پرانے ایئر پورٹ سے متصل جگہ پر اعلیٰ معیاری بزنس سینٹر بنانے پر کام کر رہے ہیں، اس سلسلے میں قانونی چارہ جوئی جاری ہے، آئندہ ماہ سے پیش رفت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ طالبان کے ساتھ تعلقات معمول پر ہیں، افغان سرحد سے تجارت معطلی کی اطلاعات نہیں ہیں، افغانستان کے ساتھ ڈالر اور روپے میں تجارت ہو رہی ہے، افغانستان کے ساتھ 30 سال سے غیر رسمی تجارت ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مہنگائی کا مسئلہ ہے، عالمی سطح پر اجناس مہنگی ہونے سے درآمدی اشیا کے ساتھ مہنگائی بھی آئی ۔انہوں نے کہا کہ درآمدی اشیا کے ساتھ مہنگائی آنے سے ہماری تجارت اور سرمایہ کاری اثر نہیں لے گی۔انہوں نے کہا کہ روپے کی قدر مئی سے گر رہی ہے، مزید کمی سے مسائل پیدا ہوں گے، اندازہ ہے کہ روپے کی قدر کو اب استحکام ملے گا۔