اسلام آباد (ویب ڈیسک)

پٹرول، ایل پی جی اور ایل این جی کے بعد سی این جی کی قیمت میں بھی 15 روپے فی کلو تک کا اضافہ کر دیا گیا۔سی این جی ایسوسی ایشن نے ایل این جی کی قیمت میں اضافے کے بعد درآمدی ایل این جی سے چلنے والے سی این جی سٹیشنوں کے لئے گیس کی قیمت میں اضافہ کردیا۔سندھ میں سی این جی 15 روپے فی کلواورپنجاب میں 8 روپے فی کلو مہنگی کردی گئی ہے، اضافے کے بعد پنجاب اور اسلام آباد میں سی این جی کی نئی قیمت 123 روپے40پیسے فی کلو اور سندھ میں تقریبا 184 روپے فی کلو ہوجائے گی۔گزشتہ روز اوگرا نے ستمبر کیلئے درآمدی ایل این جی کی قیمتوں میں اضافہ کردیا تھا۔ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی(اوگرا)کے مطابق گیس کمپنیوں کے لئے ایل این جی 2.14 فیصد مہنگی ہوگئی ہے جبکہ اوگرا نے ستمبر کیلئے درآمدی ایل این جی کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔اوگرا کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق سوئی ناردرن سسٹم پر ایل این جی کی نئی قیمت 15.3534ڈالر فی یونٹ مقرر کردی گئی جبکہ سوئی سدرن سسٹم پر ایل این جی کی نئی قیمت 15.0918ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو ہوگی۔نوٹیفکیشن میں مزید بتایا گیا کہ سوئی ناردرن سسٹم پر اگست میں ایل این جی کی قیمت 13.2175 ڈالر فی یونٹ تھی جبکہ سوئی سدرن سسٹم پر اگست میں ایل این جی کی قیمت 12.9549ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو تھی۔