حکومت پنجاب نے مائیکروسافٹ کیساتھ مل کر صوبے بھر میں انڈسٹری سرٹیفکیشن پروگرام لانچ کردیا

اسلام آباد( ویب نیوز ) حکومت پنجاب نے مائیکروسافٹ کیساتھ مل کر صوبے بھر میں انڈسٹری سرٹیفکیشن پروگرام لانچ کر دیا ۔قائداعظم اکیڈمی فار ایجوکیشنل ڈویلپمنٹ (QAED)مائیکروسافٹ کی صنعت سے تسلیم شدہ سرٹیفکیشنز کے ذریعے اساتذہ کیلئے کمپیوٹر سائنس کی مہارتوں کو آگے بڑھا کر اپنے تمام سکولوں اور پروگراموں میں اختراعات کی رہنمائی کر رہا ہے۔ QAEDs کا مقصد معلمین کیلئے ٹارگٹڈ ٹریننگ فراہم کر نے کیساتھ ہر قدم پر تعاون کرنا ہے۔ یہ سرٹیفکیشن اساتذہ کو نئی ٹیکنالوجی کے استعما ل میں معا ونت فراہم کر ے گا ۔اساتذہ کو مائیکروسافٹ ٹولز اور ٹیکنالوجی کے بارے میں ٹر ینگز دی جا ئیں گی تاکہ اساتذہ کی پیشہ ورانہ کا رکردگی کو بڑھایا جا ئے ۔ فیز 1 میں QAED کے اساتذہ کیلئے 10,000 مائیکروسافٹ سرٹیفکیشن کا اعلان کیا گیا ہے ۔QAED کے پاس پہلے سے ہی 365 مائیکروسافٹ آفس پر 400,000 اساتذہ شامل ہیں جس کے ذریعے آج مائیکروسافٹ ٹیمز صوبہ پنجاب میں واحد قومی نصاب اور اساتذہ کی تربیت کا پلیٹ فارم بن گیا ہے۔اس موقع پر منعقدہ تقر یب سے خطاب کرتے ہو ئے وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے کہا کہ مائیکروسافٹ اور حکومت پنجاب کے درمیان یہ شراکت داری وزیراعظم کے ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کی جانب ایک اور قدم ہے۔ حکومت ڈیجیٹل انقلاب لانے میں مدد کرنے وا لوں کی حمایت کیلئے پرعزم ہے۔ ہماری بنیادی توجہ اساتذہ کی قابلیت اور صلاحیت کو بڑھانا ہے تاکہ سیکھنے کے مقاصد کیلئے جدید تکنیکوں کو اپنانے کیلئے دستیاب ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کو بہترین طریقے سے استعمال کیا جا سکے۔ پہلے مرحلے میں 10,000 اساتذہ کو تربیت دی جائے گی۔ہمیں یقین ہے کہ تعلیم کی ڈیجیٹلائزیشن پورے نظام میں مزید شفافیت لائے گی۔ ڈائریکٹر جنرل QAED  محمد علی عامر نے تقر یب سے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ ڈیجیٹل تبدیلی وقت کی ضرورت ہے۔ QAED نے کامیابی کیساتھ ایک ڈیجیٹل فریم ورک تیار کیا ہے جس میں پنجاب کے سکول ٹیچرز کی استعداد کار میں اضافے کیلئے سرٹیفکیشنز کے ذریعے مائیکروسافٹ ٹولز کا فائدہ اٹھایا گیا ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ وہ علم کی ترسیل اور اپنے طلبا کیساتھ بات چیت کو بڑھانے کیلئے جدید ترین تکنیکی ٹولز کا استعمال کر سکیں ۔مائیکروسافٹ کے ساتھ یہ پارٹنرشپ جدید ڈیجیٹل ٹولز کے ذریعے علم فراہم کرنے والی انتہائی خصوصی ٹیچنگ فیکلٹی بنانے کے ہمارے مقصد کی تصدیق کرتی ہے۔مائیکرو سافٹ کے کنٹری ایجوکیشن لیڈ جبران جمشاد نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی قومو ں کی تعمیر میں بنیادی کر دار کر رہی ہے ۔ یہ ہنر پیداواری صلاحیت میں اضافہ اور نئی ٹیکنالوجیز، کام کرنے کے طریقوں اور جدت کے نئے ذرائع کو اپنانے کی زیادہ صلاحیت پیدا کرکے معاشی ترقی میں معاون ہیں۔