MR. FARRUKH HABIB, MINISTER OF STATE FOR INFORMATION AND BROADCASTING, SENATOR FAISAL JAVED KHAN AND MS. KANWAL SHAUZAB, PARLIAMENTARY SECRETARY FOR MINISTRY OF PLANNING, DEVELOPMENT AND SPECIAL INITIATIVES ARE TALKING TO MEDIA IN ISLAMABAD ON FEBRUARY 14, 2022.

پاکستان تحریک انصاف کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے بعد سینیٹر فیصل جاوید کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو

اسلا م آباد (ویب ڈیسک)

وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ خاتون اول کا کسی قسم کی سیاسی سرگرمی میں کوئی کردار نہیں، بشری بی بی گھریلو خاتون ہیں، ان کا کوئی سیاسی اثر و رسوخ نہیں اور ان سے متعلق ہتک آمیز مہم میں ملوث لوگوں کو خبردار کرنا چاہتا ہوں کہ وہ اپنی گھناونی حرکتوں سے باز آجائیں۔اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے بعد سینیٹر فیصل جاوید کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فرخ حبیب کہنا تھا کہ بشری بی بی سے متعلق جعلی، بے بنیاد اور گھٹیا خبریں چلوائی گئیں، ان غلیظ خبروں کے پیچھے وہی لوگ ہیں جنہوں نے شہید بینظیر بھٹو کی کردارکشی کی تھی۔وزیر مملکت برائے اطلاعات کا خاتون اول سے متعلق افواہوں کی مذمت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ خاتون اول کا کسی قسم کی سیاسی سرگرمی میں کوئی کردار نہیں، بشری بی بی گھریلو خاتون ہیں، انکا کوئی سیاسی اثر رسوخ نہیں ہے، خاتون اول سے متعلق ہتک آمیز مہم میں ملوث لوگوں کو خبردار کرنا چاہتاہوں کہ ان حرکتوں میں ملوث لوگ اپنی گھنانی حرکتوں سے باز آجائیں۔ان کا کہنا تھا کہ خاتون اول بشری بی بی بطور خاتون بہت قابل احترام ہیں ، جس طرح سب کی مائیں، بہنیں سانجھی ہوتی ہیں اسی طرح وہ بھی ہماری ماں، بہنوں کی طرح ہیں، لہذا کسی خاتون کے بارے میں بات کرتے ہوئے ہمیں سوچنا چاہیے۔فرخ حبیب کا میڈیا سے گفتگو میں مزید کہنا تھا کہ شہباز شریف کے خلاف اربوں روپے کے کرپشن کے کیسز ہیں، اسی وجہ سے اپوزیشن لیڈر کی گھبراہٹ ان کے چہرے سے واضح ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سیاست میں آنے کے بعد میاں برادران کے کاروبار بڑھے، شریف خاندان نے مقصود چپڑاسی کے اکاونٹ میں کروڑوں روپے منتقل کیے، شہباز شریف کے خلاف رمضان شوگر مل کیس واضح ہے، شہباز شریف نے سلیمان شہباز کو لندن فرار کروایا ہوا ہے، وہ سلیمان شہباز کو بلائیں، ان کو کونسی بیماری ہے؟وزیر مملکت نے کہا کہ اپنی کرپشن پکڑی جانے کے خوف سے شریف خاندان گھبرایا ہوا ہے، ان کو سمجھ نہیں آرہی کہ لوٹی دولت کیسے بچائیں، شریف خاندان ادھر ادھر ٹامک ٹوئیاں مارنے کے بجائے عدالتوں کا سامنا کرے۔انہوں نے کہا کہ اسی گھبراہٹ کے باعث شہباز شریف نے آصف زرداری کے پیر پکڑے ہوئے ہیں، اسی گھبراہٹ کے نتیجے میں شہباز شریف کو 22 سال بعد چوہدری شجاعت کی عیادت یاد آئی، وہ ہمارے اتحادیوں سے ملنے گئے مگر انہیں وہاں سے بھی مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز شہباز شریف کی باڈی لینگویج ایک ہارے ہوئے شخص کی باڈی لینگویج تھی، ان چہرے پر ہوائیاں اڑی ہوئی تھیں اور آج وفاقی وزیر مونس الہی نے بھی انہیں واضح پیغام دے دیا کہ آ، روٹی کھا اور چلتے بنو۔فرخ حبیب نے کہا کہ پوری اپوزیشن اپنی کرپشن سے بنائی دولت کو بچانے کے لیے عمران خان سے این آر او لینے کے لیے ایک جگہ اکٹھی ہوگئی ہے، کرپث مخالفین، چور ڈاکو، لٹیرے کتنے ہی ہاتھ پاں ماریں ان کا ٹھکانہ اڈیالہ جیل ہے۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت اور وزیر اعظم کو اس منقسم اپوزیشن سے گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے، یہ اپوزیشن ہی اپوزیشن کے خلاف ہے، ان میں آپس میں کوئی اتفاق نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کیوں گھبرائیں گے، عمران خان نے باہر جائیدادیں نہیں بنائیں، عمران خان بوئنگ 777 پر سفر نہیں کرتے۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سینیٹر فیصل جاوید خان نے بھی اپوزیشن کو آڑے ہاتھوں لیا، مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو مسئلہ مقصود چپڑاسی کا ہے، مخالفین چاہتے ہیں کہ وزیراعظم عمران خان انہیں این آر او دے دیں، اپوزیشن چاہتی ہے کہ 1999 سے کیسز ختم کر دیے جائیں۔وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائے جانے سے متعلق انہوں نے کہا کہ اپوزیشن، تحریک عدم اعتماد کل نہیں، آج ہی لائے، تحریک عدم اعتماد سے عمران خان پر اعتماد ظاہر ہوگا، ڈی آئی خان میں جیسے انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا، ایسے ہی آئندہ بھی انہیں شکست کا سامنا ہوگا۔