اسلام آباد (ویب ڈیسک)

وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پیکا عدالتی معاملہ نہیں یہ سیاسی طور پر ہے، عدالت کو وہی کام کرنا چاہیے جس کا آئینی مینڈیٹ ہے۔ اسلام آباد میں معاون خصوصی فرخ حبیب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پرویز الہی سے پیکا لاز اور میڈیا قوانین سے متعلق بات چیت ہوئی اور ان سے درخواست کی ہے کہ پیکا کی بہتری پر کام کریں،  پیکا عدالتی معاملہ نہیں یہ سیاسی طور پر ہے، یہ نہیں ہو سکتا کے ایک جج اس بات کا فیصلہ کرے، عدالت کو بھی چاہیے کہ یہ فیصلہ سیاسی فورم پر ہونے دے، عدالت کو وہ کام کرنا چاہئیے جس کا انہیں مینڈیٹ ہو۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ق لیگ ہماری اتحادی جماعت، حکومت کے ساتھ ہے اور کابینہ کا حصہ ہے، ان کے تحفظات کافی حد تک دور کر دیئے ہیں،  آگے چل کر جو بڑے فیصلے ہونے ہیں وہ ق لیگ کی مشاورت سے ہی ہوں گے، ہم اتحادیوں جیسی ہی سوچ رکھتے ہیں،  اجلاس سے قبل تمام اتحادی وزیراعظم پر اعتماد کا اعلان بھی کر دیں گے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں 23 مارچ سے پہلے ہی سیاسی عدم استحکام ختم ہو جائے، انہوں نے کہا کہ یہ اس لیے بھی ضروری ہے کہ 23 مارچ کو اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے اجلاس میں شرکت کے لیے 40 وزرائے خارجہ اور 200 کے قریب وفود سمیت مزید ممالک کے وزرائے خارجہ آرہے ہیںانہوں نے کہاکہ پنجاب میں ایک انار سو بیمار والا حال ہے، ہم سب ہی کو مطمئن کریں گے، لندن میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف سے پی ٹی آئی رہنما علیم خان کی ملاقات سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ علیم خان کے ترجمان نے خبر کی تردید کی اور ہم علیم خان یا جہانگیر ترین کو پی ٹی آئی کا حصہ سمجھتے ہیں اور وہ وہی فیصلے کریں گے جو پی ٹی آئی کرے گی۔ فوج کا کوئی معاملہ نہیں، اس میں کوئی دو رائے نہیں ہے فوج حکومت کا حصہ ہوتی ہے، ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ہم اتحادیوں سے مل رہے ہیں، اس وقت کی سرگرمیاں صرف عدم اعتماد سے نہیں ہیں بلکہ 2023 سے قبل جو بلدیاتی انتخابات ہیں، اس سے متعلق بھی ہیں۔وزیراطلاعات نے مزید کہا کہ پوری قوم کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں کہ آج جنگی جہازوں کے بیڑے میں اضافہ ہوا ہے، آج ہم نے بھارت کے رافیل جہاز کی برتری کو بھی ختم کردیا ،چوہدری فواد حسین نے کہا   کہ حکومت سیاسی محاذ پر ثابت قدم اور متحد ہے۔  انہوں نے کہا کہ تمام اتحادی جماعتوں نے حکومت کو اپنی حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے اور پوری پاکستانی قوم وزیراعظم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت کو حزب اختلاف کے پانچ ارکان کی حمایت بھی حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت حزب اختلاف کی جانب سے شروع کئے گئے اس ڈرامے کو اسلامی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کا اجلاس شروع ہونے سے پہلے ختم کرنا چاہتی ہے۔چوہدری فواد حسین نے کہا کہ حکومت آزادانہ خارجہ پالیسی پر عمل پیرا رہے گی۔