اسلام آباد (ویب ڈیسک)

ایف سی ہیڈ کوارٹرز حکام نے اسلام آباد انتظامیہ کو مزید نفری دینے سے انکار کر دیا جبکہ او آئی سی اجلاس ، تحریکِ عدم اعتماد، حکومت اور اپوزیشن کے جلسوں کے پیشِ نظر دارالحکومت اسلام آباد کا سیکیورٹی حصار انتہائی سخت کر دیا گیا ہے۔ایف سی ہیڈ کوارٹرز حکام کی جانب سے وزارت داخلہ کو ایک مراسلہ لکھا گیا ہے جس میں اسلام آباد انتظامیہ کو مزید نفری دینے سے انکار کیا گیا ہے۔حکام ایف سی ہیڈکوارٹر کی جانب سے لکھے گئے مراسلے کے مطابق پہلے ہی ایک ہزار اضافی اہلکار بھجوا چکے ہیں، 2 ہزار کی مزید نفری نہیں دے سکتے، وزارت داخلہ معذرت کر لے۔ایف سی حکام کا مزید کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا میں 30مارچ کو بلدیاتی انتخابات بھی ہیں، اگر اضافی اہلکار اس تاریخ سے قبل واپس ہوسکتے ہیں تو پھر دیکھا جاسکتا ہے۔واضح رہے کہ اسلام آباد میں 2500رینجرز، 2000ایف سی اور 8ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، تمام سیکیورٹی اہلکاروں کو 2 اپریل تک ریڈ زون میں تعینات کیا گیا ہے۔