اسلام آباد (ویب ڈیسک)

حال ہی میں ختم ہونے والے او آئی سی کونسل برائے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے موقع پر، او آئی سی سائنس و ٹیکنالوجی ایجنڈا 2026 کے نفاذ کے لیے قائم کمیٹی نے کامسٹیک سیکریٹریٹ اسلام آباد میں 24 مارچ 2022 کو ایک روزہ اجلاس منعقد کیا۔

اس اجلاس کا مقصد ایجنڈا 2026 پر عملدرآمد کی پیش رفت کا جائزہ لینا اور رکن ممالک کے لیے سائنس اور ٹیکنالوجی سے متعلق مختلف اقدامات کی منصوبہ بندی کرنا تھا۔

کامسٹیک کے زیر صدارت اجلاس میں او آئی سی کے تمام سرکردہ اداروں اور خصوصی تنظیموں نے شرکت کی جو سائنس، ٹیکنالوجی، اختراعات اور معاشرے میں ان کے اطلاق کے مختلف شعبوں پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔

کامسٹیک کے علاوہ او آئی سی کی چودہ تنظیموں کے سربراہان اور نمائندوں نے اس اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس نے اعلیٰ تعلیم اور تحقیق، صحت، ادویات، ویکسین کی ترقی، خوراک اور آبی وسائل، ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز، اختراع کو فروغ دینے، اور تنظیم سازی جیسے شعبوں میں مختلف رکن تنظیموں اور شراکت داروں پر مشتمل مشترکہ اقدامات پر مبنی ایک توسیعی پلان آف ایکشن کی منظوری دی۔

اجلاس میں افریقی ممالک پر بھرپور توجہ مرکوز کرنے اور ان کی افرادی قوت اور کارآمد ٹیکنالوجی کی ترقی کے لیے پروگرام بنائے جانے پر خصوصی غور و خوض کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں نہ صرف ایسے منصوبوں کی حمایت کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا جو سائنس اور ٹیکنالوجی کو ترقی کی راہ پر گامزن کرتے ہیں بلکہ ایسے پروگرام بنانے کی بھی ضرورت پر زور دیا گیا جو ہمارے نوجوانوں میں تحقیق اور تخلیقی صلاحیتوں کو ابھارتے ہیں۔

اجلاس میں گزشتہ چند سالوں میں رکن ممالک کی جانب سے سائنس ٹیکنالوجی اور اختراع میں پیش رفت کا جائزہ لینے اور مستقبل کے اقدامات کے لیے رہنما خطوط تیار کرنے کے لیے ماہرین کی کمیٹیاں تشکیل دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے شرکاء کو خوش آمدید کہا اور کمیٹی کے گزشتہ چند سالوں کے کام اور مستقبل کے منصوبوں کا جائزہ پیش کیا۔

اجلاس سے او آئی سی کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل برائے سائنس و ٹیکنالوجی، جناب سفیر اسکر مسینوف نے بھی خطاب کیا، جنہوں نے افریقی رکن ممالک کی ضروریات کے بارے میں اراکین کو آگاہ کیا اور ساتھ ہی توقع ظاہر کی کہ اسٹیئرنگ کمیٹی قائدانہ کردار ادا کرے گی۔

یہ اجلاس پیش کردہ مختلف مشترکہ کوششیں شروع کرنے اور گزشتہ پانچ سالوں سے سائنس اور ٹیکنالوجی کے ایجنڈے کے نفاذ کے جائزے کے عمل کو متحرک کرنے کے عزم کے ساتھ ختم ہوا۔