جب تک زندہ ہوں چوروں کو قبول نہیں کروں گا، عمران خان

سازش کا علم ہواتو جو لوگ سازش روک سکتے تھے ان کو بتایا لیکن کچھ نہیں ہوا

جیل جانے اور جان کی قربانی دینے کو تیار ہوں لیکن امریکی غلامی قبول نہیں

سابق وزیراعظم کا اٹک میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے کے شرکا سے خطاب

اٹک(ویب  نیوز)

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف ، سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم نے اپنی آزادی کی جنگ لڑنی ہے جب ہمیں سازش کا علم ہوا تو جو لوگ سازش روک سکتے تھے ان کو بتایا کہ بڑی مشکل سے ملکی معیشت کو سنبھالا ہے،  انہیں بتایا اگر یہ سازش کامیاب ہوئی تو مشکل صورتحال ہوگی، مجھے افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ کچھ بھی نہیں ہوا۔آصف علی زرداری کا نیب میں اصلاحات کا کہنا قیامت کی نشانی ہے، جیل جانے اور جان کی قربانی دینے کو تیار ہوں لیکن امریکی غلامی قبول نہیں ہے، ہمارے ملک میں فیصلہ کن صورتحال ہے، آئندہ دنوں میں بہت بڑا فیصلہ ہونے جارہا ہے، میں نے فیصلہ کیا ہے کہ یہ سیاست نہیں بلکہ جہاد ہے، یہ وقت ہماری حقیقی آزادی کی جنگ ہے۔  اٹک میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ اللہ تیری عبادت اور تیرے سے مدد مانگتے ہیں، کسی انسان یا کسی ملک کے سامنے سجدہ نہیں کرتے، ہم آزاد قوم ہیں، ہمارا کلمہ ہمیں آزادی دیتا ہے، یہ ہماری حقیقی آزادی کی جنگ ہے، دلیرنوجوانوں کی میرے ساتھ شرکت سب سے بڑی ذمہ داری ہے، خواتین کو کہتا ہوں آپ سب نے حقیقی آزادی کی جنگ میں شرکت کرنی ہے۔ یہ ہمارے ملک کے لیے فیصلہ کن وقت ہے، فیصلہ ہونے جارہا ہے کیا ہم ایک آزاد یا امریکیوں کے غلاموں کی غلامی کریں گے، یہ سیاست نہیں جہاد ہے، فیصلہ کیا ہے جب تک اللہ نے زندہ رکھا چوروں، ڈاکوں کو کبھی قبول نہیں کروں گا۔انہوں نے کہا کہ اٹک کے غیوراوردلیرنوجوانوں سب تیاری کرو، ہم نے اپنی آزادی کی جنگ لڑنی ہے، میری والدہ نے کہا تم خوش قسمت ہو آزاد ملک میں پیدا ہوئے، لاکھوں لوگ انگریزکی جنگوں میں مرے، ایک غلامی قبضہ کر کے ہوتی ہے، پرویزمشرف نے امریکا کے آگے گھٹنے ٹیک دیئے، دوسری غلامی فتح کیے بغیرغلام بنالیتے ہیں۔ امریکا نے مشرف کو کہا جنگ میں شامل ہو جا ورنہ بم مار دیں گے، اس وقت کے حاکم نے امریکا کے آگے گھٹنے ٹیک دیئے، میں نے ہمیشہ کہا کسی کے سامنے نہیں جھکوں گا نہ عوام کوجھکنے دوں گا، پاکستان کے تھری سٹوجزہیں، ملک کی سب سے بڑی بیماری زرداری اور دو بھائی 30 سال سے ملک لوٹ رہے ہیں، بڑا بھائی باہر بیٹھ کر فوج کو برا بھلا اور چھوٹا بھائی بوٹ پالش کرتا ہے، تیسرا تیس سال سے اسلام کوبیچ رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کون سا اتنا بڑا مسئلہ تھا جب سب نے ملک کر حکومت گرائی؟ سخت مشکلات کے باوجود ہماری حکومت نے ملک کو کھڑا کیا، تعمیراتی شعبے کو اہمیت دی اور ریکارڈ ایکسپورٹ کی، آمدنی سب سے زیادہ بڑھائی، ں نے کہا کہ 20 تاریخ کے بعد مارچ کی کال دوں گا، کسی کو بھی کسی قسم کا خوف نہیں ہونا چاہیے، ہم ان کرپٹ انسانوں کے خلاف بھرپور احتجاج کریں گے۔ عمران خان نے زور دیا کہ سرکاری اداروں کے ملازمین اور فوجی افسران اپنی فیملیز کو مارچ میں بھیجیں۔ سابق وزیر اعظم نے کہا کہ جیل جانے اور جان کی قربانی دینے کو تیار ہوں لیکن امریکی غلامی قبول نہیں ہے۔