اسلام آباد میں بازار رات 9 بجے بند کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری

اسلام آباد( ویب نیوز ) سندھ اور پنجاب کے بعد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی بازار رات 9 بجے تک بند کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا۔ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق شادی ہالز رات 10 بجے بند ہوں گے جبکہ ریسٹورنٹ اور ہوٹلز رات ساڑھے 11 بجے بند ہوں گے۔

قبل ازیں وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز نے توانائی کی بچت کے لیے پنجاب بھر میں مارکیٹیں، بازار اور کاروباری مراکز رات 9 بجے بند کرنے کا اعلان کردیا۔اجلاس کے بعد  جاری ہینڈ آوٹ کے مطابق حمزہ شہباز نے صوبہ بھر کے تاجر رہنماوں اورنمائندوں سے ملاقات کرنے کے بعد کہا کہ توانائی کی بچت کے لئے صوبہ بھر کی تاجر برادری کی مشاورت سے بڑا فیصلہ کیا ہے۔حمزہ شہباز کا مزید کہنا تھا کہ ریسٹورنٹس رات ساڑھے11بجے تک کھلے رہیں گے جبکہ شادی ہالز سابق پالیسی کے تحت رات 10 بجے تک کھل سکیں گے،انہوں نے کہا کہ ہفتے کو تاجر برادری کو کاروبار کے اوقات میں خصوصی رعایت دی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ میڈیکل سٹورز پر اس فیصلے کا اطلاق نہیں ہو گا اور عید کی شاپنگ کے لیے اوقات کار کی پالیسی کا تاجر برادری کی مشاورت سے جائزہ لیا جائے گا