بھمبر کے علاقے برنالہ کی گلیوں اور بازاروں میں پانی بھر گیا ، ایک کار نالے میں گر گئی

 بلوچستان میں نالوں میں طغیانی آ گئی، سیلابی ریلے کئی چھوٹے پل بہا کر لے گئے

اسلام آباد (ویب نیوز)

خیبر پختونخوا، پنجاب سمیت ملک کے بیشتر حصوں میں وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہا۔ملک بھر میں پری مون سون بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا ، نشیبی علاقے زیر آب آ گئے،معمولات زندگی بھی متاثرہوئے ۔ اسلام آباد راولپنڈی سمیت پنجاب بھر میں گزشتہ روز سے گر ج چمک کے ساتھ کہیں تیز اور کہیں آہستہ بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔پنجاب کے علاقے لاہور، گوجرانوالہ، مظفر گڑھ، کوٹ ادو، میلسی، جہانیاں، لیہ، چکوال، وہاڑی، ٹبہ سلطان، جتوئی سمیت دیگر علاقوں میں بارشوں میں نشیبی علاقے زیر آب آ گئے جبکہ لیہ کے ندی نالوں میں طغیانی کی صورتحال رہی۔موسلا دھار بارش نے راولپنڈی کے نشیبی علاقوں کو ڈبو دیا اور بارش کا پانی گھروں میں گھس آیا جبکہ گاڑیاں پانی میں تیرنے لگیں۔ اسلام آباد کے علاقے چک شہزاد کے علاقے میں بھی پانی بھر گیا۔ اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں اولے بھی گرے۔آزاد کشمیر میں بھی موسلادھار بارشوں نے تباہی مچا دی۔ بھمبر کے علاقے برنالہ کی گلیوں اور بازاروں میں پانی بھر گیا جبکہ ایک کار نالے میں گر گئی جسے مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت باہر نکالا۔کوٹلی میں پانی دکانوں اور گھروں میں گھسنے سے قیمتی سامان خراب ہو گیا جبکہ وادی لیپہ میں گزشتہ 4 روز سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور معمولات زندگی متاثر ہو رہے ہیں۔ بلوچستان میں بھی بادل خوب جم کے برسے اور ندی نالوں میں طغیانی آ گئی جبکہ سیلابی ریلے کئی چھوٹے پل بہا کر لے گئے۔ کوہلو کا سبی، کوئٹہ اور اندرون بلوچستان سے زمینی رابطہ منقطع ہو گیا۔ انجیر کے مقام پر سیلابی ریلہ سڑک کو ہی بہا لے گیا۔ممکنہ بارشوں کے پیش نظر این ڈی ایم اے نے گلگت بلتستان میں ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے متعلقہ محکمے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ جس سے معمولات زندگی متاثر ہو رہے ہیں۔ملک بھر میں بارشوں کے باعث لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بھی بڑھ گیا جس کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تاہم بارشوں سے موسم خوشگوار اور گرمی کی شدت میں کمی آئی۔