ازبک صدر کی فعال خارجہ پالیسی کی بدولت ازبکستان اور پاکستان کے تعلقات ترقی کی نئی سطح پر پہنچ گئے، وزارت ٹرانسپورٹ

تاشقند  (ویب نیوز)

ازبکستان کی وزارت ٹرانسپورٹ نے کہا ہے کہ ازبکستان نے ایک ہفتہ طویل راستے میں پاکستانی بندرگاہ سے افغانستان کے راستے پہلی محفوظ کارگو ٹرانزٹ کی ہے۔ازبکستان کی وزارت ٹرانسپورٹ کے مطابق ازبک ڈرائیورز نے کراچی کی بندرگاہ سے فریز شدہ گوشت تاشقند پہنچانے کیلئے کراچی، پشاور، کابل، مزار شریف ،ترمز سے ہوتے ہوئے2,760کلومیٹر کا سفر کیا۔ سہ فریقی کوششوں سے اس ٹرانسپورٹ کوریڈور کے ذریعے ازبکستان، افغانستان اور پاکستان کے علاقوں سے کم سے کم وقت میں اور محفوظ طریقے سے سامان کی ترسیل کو ممکن بنایا گیاہے۔ازبک وزارت ٹرانسپورٹ نے بتایا کہ ازبک صدر کی جانب سے جاری ایک فعال خارجہ پالیسی کی بدولت ازبکستان اور پاکستان کے تعلقات ترقی کی نئی سطح پر پہنچ گئے ہیں۔ پاکستان کے ساتھ نقل و حمل اور لاجسٹکس تعاون کو بڑھانے کے لیے جاری منصوبے ازبکستان اور پاکستان کے اقتصادی تعلقات کی توسیع کے لیے اہم اہمیت کے حامل ہیں جو کہ ایک نئی رفتار سے ترقی کر رہے ہیں۔ ازبکستان طالبان کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد سے افغانستان کے راستے نقل و حمل کے منصوبوں کو فروغ دے رہا ہے۔