اسلام آباد (ویب نیوز)

مسلم لیگ ن  صدر مملکت کے خلاف مواخذے کی تحریک لانے کی قرارداد سینیٹ میں جمع کرا دی،سینیٹر افنان اللہ کی جانب سے ایوان بالا میں جمع قرار داد میں کہا گیا ہے کہ صدر عارف علوی،عمران خان، فواد چوہدری اور قاسم سوری کے خلاف آرٹیکل 6 کی کارروائی کی جائے۔سینیٹ میں صدر مملکت عارف علوی کے خلاف مواخذے کی تحریک لانے کے لیے مسلم لیگ  ن نے قرارداد جمع کروا دی۔ سپریم کورٹ کی جانب سے سابق ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کے حوالے سے فیصلہ آنے کے بعد مسلم لیگ  ن کے سینیٹر ڈاکٹر افنان اللہ خان نے سینیٹ میں قرارداد جمع کروائی ہے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان، فواد چوہدری، صدر مملکت عارف علوی، قاسم سوری کے خلاف آرٹیکل 6 کی کارروائی کی جائے۔  ایوان بالا میں جمع قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ صدر مملکت عارف علوی کے خلاف مواخذے کی کارروائی کا آغاز کیا جائے۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے پیش کی گئی تحریک عدم اعتماد کے موقع پر قومی اسمبلی کے سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی جانب سے آئین کے آرٹیکل 5 (1) کے تحت جاری کی گئی رولنگ کے خلاف از خود نوٹس کیس کا تفصیلی فیصلہ گزشتہ روز جاری کیا گیا،تفصیلی فیصلہ میں کہا گیا ہے کہ بیرونی مداخلت پر دلیل سے مطمئن نہیں، ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ اور  تحریک عدم اعتماد مسترد کرنا غیر آئینی ہے۔